Pakistan

پمز سانحہ: ہسپتال انتظامیہ نے الگ تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی

پمز سانحہ: ہسپتال انتظامیہ نے الگ تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی
۱ منٹ پہلے

پمز سانحے کے بعد بھی ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے سنجیدگی کا مظاہرہ نہ کیے جانے کے سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ پمز انتظامیہ نے وزیراعظم کی جانب سے قائم کی گئی کمیٹی کے علاوہ اپنی الگ تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے، تاہم اس کمیٹی کی تشکیل پر بھی اعتراضات سامنے آئے ہیں۔

 

ذرائع کے مطابق ہسپتال کی جانب سے بنائی گئی کمیٹی میں ایک بھی ایسا رکن شامل نہیں جو کسی متعلقہ ٹیکنیکل ڈپارٹمنٹ سے تعلق رکھتا ہو۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی کے تمام ارکان کلینیکل ڈاکٹرز ہیں اور انہیں ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے قریبی افراد قرار دیا جا رہا ہے۔

 

پمز انتظامیہ کی ڈپٹی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر عنیزہ جلیل بھی کمیٹی کی رکن ہیں۔ ذرائع کے مطابق ڈاکٹر عنیزہ جلیل وزیراعظم کی جانب سے بنائی گئی کمیٹی کے سامنے اپنا بیان بھی قلمبند کرا چکی ہیں، جبکہ پمز کی نئی تحقیقاتی کمیٹی کے نوٹیفکیشن پر دستخط بھی انہوں نے خود کیے ہیں۔

 

پمز انتظامیہ نے ایم سی ایچ نرسری میں آتشزدگی کے واقعے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی ازسرِنو تشکیل دی ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر عاطف انعام شامی کو 4 رکنی تحقیقاتی کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے۔

 

پمز انتظامیہ کے مطابق پروفیسر قاسم محمود بٹر کی چھٹی کے باعث کمیٹی کی دوبارہ تشکیل کی گئی ہے۔ تحقیقاتی کمیٹی کو 48 گھنٹوں کے اندر اپنی رپورٹ جمع کروانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

 

نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی آگ لگنے کی اصل وجہ اور فائر سیفٹی اقدامات کا جائزہ لے گی، جبکہ واقعے کے ذمہ داروں کا تعین کرکے ان کے خلاف سخت کارروائی کی سفارش بھی کی جائے گی۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں