ہنزہ میں کمسن بچے کے اغوا اور مبینہ زیادتی کا واقعہ، چار ملزمان گرفتار
گلگت بلتستان کے ضلع ہنزہ میں کمسن بچے کے اغوا اور مبینہ اجتماعی زیادتی کا افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے۔
پولیس کے مطابق ہنزہ کے علاقے حسن آباد سے تعلق رکھنے والا کمسن بچہ 24 اگست 2026 کو گھر سے لاپتا ہوا تھا، جسے اگلے روز 25 اگست کو سیف سٹی کیمروں کی مدد سے علی آباد کے ایک مقامی ہوٹل سے بازیاب کرایا گیا۔
پولیس کے مطابق بچے کی بازیابی کے وقت چار افراد بھی اس کے ساتھ موجود تھے، جنہیں گرفتار کرلیا گیا ہے۔
گرفتار ملزمان میں سمیع عباس ولد غلام مرتضیٰ، سردار حسین ولد موسیٰ خان، عبدالکلام ولد عبدالحنان اور ضمیر ولد شاہ جہاں شامل ہیں۔
پولیس نے چاروں ملزمان کے خلاف اغوا اور بدفعلی کا مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔
واقعے کے بعد ہنزہ میں شہریوں اور سول سوسائٹی کی جانب سے شدید غم و غصے کا اظہار کیا گیا جبکہ مختلف مقامات پر احتجاج بھی کیا گیا۔ مظاہرین نے واقعے میں ملوث افراد کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا۔
وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کی اور ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی ہدایت کی۔
پولیس کے مطابق بچے کے طبی اور فرانزک معائنے سمیت واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔