Pakistan

باجوڑ اور جنوبی وزیرستان میں دھماکے، 1 شخص جاں بحق، 10 افراد زخمی

باجوڑ اور جنوبی وزیرستان میں دھماکے، 1 شخص جاں بحق، 10 افراد زخمی
۱۲ گھنٹے پہلے

خیبرپختونخوا کے اضلاع باجوڑ اور جنوبی وزیرستان میں دو مختلف دھماکوں کے نتیجے میں 1 شخص جاں بحق جبکہ 10 افراد زخمی ہو گئے، زخمیوں میں 2 بچے بھی شامل ہیں۔

 

 باجوڑ میں سڑک کنارے نصب ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں 2 بچے زخمی ہوئے، جبکہ جنوبی وزیرستان اپر کے مکین بازار میں موٹر سائیکل میں نصب آئی ای ڈی پھٹنے سے 1 شخص جاں بحق اور 8 افراد زخمی ہو گئے۔

 

ڈی ایس پی باجوڑ کے مطابق دھماکا خیز مواد ڈمہ ڈولہ خوڑ کے علاقے میں سڑک کے کنارے نصب کیا گیا تھا۔ دھماکے میں زخمی ہونے والے بچوں کی عمریں 10 اور 11 سال ہیں، جنہیں طبی امداد کے لیے ڈی ایچ کیو اسپتال خار منتقل کر دیا گیا ہے۔

 

پولیس نے دھماکے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے۔

 

دوسری جانب جنوبی وزیرستان اپر کے مکین بازار میں موٹر سائیکل میں نصب آئی ای ڈی دھماکے سے پھٹ گئی، جس کے نتیجے میں 1 شخص جاں بحق اور 8 افراد زخمی ہو گئے۔

 

آر پی او ڈیرہ اسماعیل خان کے مطابق زخمیوں کو مکین کے قریبی طبی مرکز منتقل کر دیا گیا ہے۔

 

پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر واقعے کی رپورٹ درج کر لی ہے جبکہ مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں