کلرسیداں،تشدد سے جاں بحق طالب علم کے مقدمے کامرکزی ملزم گرفتار
کلرسیداں میں مدرسے میں تشدد سے جاں بحق ہونے والے 11 سالہ طالب علم کے مقدمے کے مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم مدرسے کا استاد تھا، جو ہسپتال سے میت کے ہمراہ آبائی گاؤں گیا تھا اور وہاں سے فرار ہوگیا تھا۔
سی پی او حسن مشتاق سکھیرا نے واقعے کے بعد خصوصی ٹیمیں تشکیل دے کر مرکزی ملزم کی گرفتاری کا ٹاسک دیا تھا۔ ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق پولیس ٹیمیں ملزم کی گرفتاری کے لیے مسلسل کام کر رہی تھیں۔
پولیس کے مطابق اس مقدمے میں اس سے قبل بھی 2 افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے، جبکہ اب مرکزی ملزم کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔
ایس پی صدر انعم شیر نے کہا کہ ملزمان سے میرٹ پر تفتیش کرتے ہوئے ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ بچوں پر تشدد کسی صورت قابلِ برداشت نہیں اور ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔