Pakistan

مری سے اغوا کی جانے والی دونوں بہنیں بازیاب

مری سے اغوا کی جانے والی دونوں بہنیں بازیاب
۱ منٹ پہلے

پسند کی شادی کرنے والی کشمیر کی ایک لڑکی کے لواحقین کی جانب سے مری کے لڑکے کے گھر پر دھاوا بول کر اغوا کی جانے والی اس کی  دونوں بہنوں کو جرگے اور انتظامیہ کی کوششوں سے بازیاب کرا لیا گیا۔

 

لڑکیوں کی بازیابی میں مری اور کوٹلی ستیاں کے معززین  اور کوہسار پوٹھوہار اتحاد کے رہنماؤں نے اہم کردار ادا کیا۔

 

اس حوالے سے دونوں فریقین کے درمیان ایک باقاعدہ تحریری معاہدہ بھی طے پایا ہے، جس کی ضمانت سجادہ نشین بابا لعل شاہ سوراسی سید علی رضا شاہ نے دی ہے۔

 

معاہدے کے مطابق دونوں فریقین، یعنی پسند کی شادی کرنے والے جوڑے اور اغوا کے معاملے میں نامزد افراد کے خلاف مقدمات ختم کیے جائیں گے۔

 

اغوا کی گئی دونوں لڑکیوں کو واپس کر دیا گیا ہے، جبکہ اس کے بدلے پسند کی شادی کرنے والی لڑکی کو 10 دن کے اندر اس کے لواحقین کے حوالے کیا جائے گا۔

 

دوسری جانب مری پولیس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ تھانہ پتریاٹہ کے علاقے سے اغوا ہونے والی دونوں لڑکیوں کو مسلسل اور مؤثر کوششوں کے بعد آزاد کشمیر کے ضلع پونچھ سے بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا۔

 

پولیس کے مطابق بچیوں کی بازیابی کے لیے ڈی پی او مری رضا تنویر سپرا کی ہدایت پر پولیس ٹیمیں گزشتہ دو روز سے مسلسل متحرک رہیں۔ اس دوران مختلف مقامات پر کارروائیاں اور چھاپے مارے گئے، جہاں پولیس ٹیموں کو مزاحمت کا بھی سامنا کرنا پڑا۔

کارروائی کے دوران مری پولیس کا ایک سب انسپکٹر زخمی بھی ہوا۔

 

بچیوں کی بازیابی کے لیے ایس ایچ او تھانہ پتریاٹہ سعید اکبر کیانی خود آزاد کشمیر پہنچے، جہاں مقامی پولیس، سیاسی و سماجی شخصیات اور عمائدینِ علاقہ کے تعاون سے مسلسل رابطہ کاری، مذاکرات اور دستیاب معلومات کی بنیاد پر کوششیں کی گئیں۔

 

پولیس کے مطابق انہی کوششوں کے نتیجے میں دونوں بچیوں کی بحفاظت واپسی ممکن ہوئی۔

 

ڈی پی او مری نے کامیاب کارروائی میں حصہ لینے والے افسران اور جوانوں، بالخصوص ایس ایچ او تھانہ پتریاٹہ اور زخمی سب انسپکٹر کی فرض شناسی، جرات اور ثابت قدمی کو سراہا۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں