سعودیہ پر حوثی حملوں کی مذمت، سعودی قیادت اور عوام کے ساتھ ہیں: دفترِ خارجہ
دفتر خارجہ کے ترجمان سجاد حیدر خان نے ہفتہ وار بریفنگ میں مقبوضہ کشمیر، یاسین ملک، بھارت میں مذہبی آزادی، غزہ کی صورتحال، افغانستان، پاکستان کے حالیہ سفارتی رابطوں، نیپال کے سیلاب متاثرین کے لیے امداد، سیف گیمز 2027، چین کے گلوبل گورننس انیشی ایٹو، علاقائی توانائی منصوبوں اور منشیات کے خلاف کارروائیوں سمیت مختلف قومی، علاقائی اور عالمی امور پر پاکستان کا مؤقف پیش کیا۔ انہوں نے سعودی عرب پر حوثی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے سعودی قیادت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار بھی کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ جموں و کشمیر اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر موجود ایک حل طلب تنازع ہے اور بھارت یکطرفہ اقدامات، دعوؤں یا دیگر ہتھکنڈوں کے ذریعے اس کی متنازع حیثیت تبدیل نہیں کرسکتا۔
انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کشمیری رہنما یاسین ملک کی صحت اور ان کی قید کا معاملہ بھی اٹھایا۔
سجاد حیدر خان نے کہا کہ پاکستان یاسین ملک کی غیر قانونی قید اور ان کے خلاف قائم مقدمے کی مذمت کرتا ہے، جبکہ ان کا بیانِ حلفی بھارتی عدالتی نظام کے لیے سنگین سوالات اٹھاتا ہے۔
انہوں نے عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ یاسین ملک کی صحت اور ان کے ساتھ ہونے والے سلوک کا جائزہ لیں۔
ترجمان نے بھارت کے شہر سہارنپور میں 5 ستمبر کو ایک قدیم مسجد مسمار کیے جانے کی بھی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مذہبی آزادیوں اور عبادت گاہوں کا احترام کیا جانا چاہیے اور کسی مذہبی مقام کو منہدم کرنا قابل مذمت ہے۔
انہوں نے بتایا کہ نہرو دور میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک معاہدہ بھی ہوا تھا، جس کے تحت دونوں ممالک میں مذہبی مقامات کو منہدم نہ کرنے پر اتفاق کیا گیا تھا۔
پاکستان کے حالیہ سفارتی رابطے
سجاد حیدر خان نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے کرغزستان کا دورہ کیا، جہاں دونوں ممالک نے باہمی تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا، جبکہ متعدد مفاہمتی یادداشتوں پر بھی دستخط کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے مصر کے وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی سے ٹیلیفون پر گفتگو کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور دونوں وزرائے خارجہ نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ملاقات پر اتفاق کیا۔
ترجمان کے مطابق 9 ستمبر کو اسحاق ڈار نے مصری وزیر خارجہ سے دوبارہ رابطہ کیا، جس میں قومی اور علاقائی پیش رفت پر گفتگو ہوئی اور دونوں جانب سے قریبی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
اسحاق ڈار نے ناروے کے وزیر خارجہ سے بھی رابطہ کیا اور ناروے کے بادشاہ ہیرالڈ پنجم کے انتقال پر شاہی خاندان اور ناروے کے عوام سے پاکستان کی جانب سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
ترجمان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے 7 ستمبر کو کویت کے وزیر خارجہ سے ٹیلیفون پر بات چیت کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں جانب سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے موقع پر ملاقات پر بھی اتفاق کیا گیا۔
غزہ سے فلسطینیوں کی بے دخلی کی تجاویز مسترد
غزہ کی صورتحال پر ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان سمیت عرب اور اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ نے فلسطینیوں کو غزہ سے جبراً بے دخل کرنے سے متعلق اسرائیلی بیانات اور تجاویز کو مسترد کرتے ہوئے آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان سمیت عرب اور اسلامی ممالک نے 9 ستمبر کو مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں غیر قانونی اسرائیلی بستیوں سے درآمدات پر پابندی اور متعلقہ خدمات محدود کرنے کے برطانیہ کے فیصلے کا خیرمقدم بھی کیا۔
ان ممالک نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بین الاقوامی قانون کے مطابق ایسے مزید اقدامات اختیار کرے۔
نیپال کے سیلاب متاثرین کے لیے 100 ٹن امداد
سجاد حیدر خان نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر پاکستان نے نیپال کے سیلاب متاثرین کے لیے 100 ٹن امدادی سامان روانہ کیا ہے۔
پاکستان 2027 میں سیف گیمز کی میزبانی کرے گا
ترجمان نے بتایا کہ پاکستان 4 سے 11 اپریل 2027 تک سیف گیمز کی میزبانی کرے گا۔ پاکستان اس سے قبل 2004 میں بھی ان کھیلوں کی میزبانی کرچکا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ سیف گیمز میں شرکت کے دعوت نامے متعلقہ ممالک کی اولمپک ایسوسی ایشنز کے ذریعے بھیجے جاتے ہیں، دفتر خارجہ کے ذریعے نہیں۔
بھارت کی شرکت سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے صورتحال بعد میں واضح ہوگی، تاہم کھیلوں کو بطور ہتھیار استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔
افغان طلبہ کو واپس بھیجنے کا کوئی عمومی فیصلہ نہیں
افغان طلبہ سے متعلق ترجمان نے واضح کیا کہ حکومت پاکستان نے تمام افغان طلبہ کو واپس بھیجنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ جن افغان طلبہ کے پاس قانونی ویزا اور تعلیمی ادارے میں باقاعدہ داخلہ موجود ہے، وہ اپنی تعلیم جاری رکھ سکتے ہیں، تاہم جو افراد کسی یونیورسٹی میں داخل نہیں یا قانونی ویزا نہیں رکھتے، ان کے خلاف ملکی قوانین کے مطابق کارروائی ہوگی۔
افغانستان دشمن نہیں، دہشتگردی پر تحفظات برقرار
افغانستان سے تعلقات کے بارے میں سجاد حیدر خان نے کہا کہ افغانستان پاکستان کا دشمن نہیں، تاہم موجودہ افغان حکومت دہشتگردی سے متعلق پاکستان کے مؤقف کو پوری طرح نہیں سمجھ رہی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان افغان عوام کے ساتھ اپنے تعلقات کو دہشتگردی کے مسئلے سے الگ دیکھتا ہے۔
کاسا 1000 اور تاپی گیس منصوبوں سے متعلق ترجمان نے کہا کہ یہ منصوبے کئی دہائیاں قبل شروع ہوئے تھے اور پاکستان خطے میں توانائی اور اقتصادی تعاون کے منصوبوں کو اہمیت دیتا ہے۔
بھارت کے مبینہ کردار سے متعلق شواہد موجود ہیں
دفتر خارجہترجمان نے کہا کہ پاکستان میں دہشتگردی کی کارروائیوں میں بھارت کے مبینہ طور پر ملوث ہونے سے متعلق شواہد موجود ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کینیڈا، امریکا، آسٹریلیا اور دیگر ممالک میں بھی بھارت سے منسوب مبینہ سرگرمیوں سے متعلق معاملات سامنے آچکے ہیں۔
نائن الیون نے دنیا کی صورتحال بدل دی
11 ستمبر کے واقعات سے متعلق سجاد حیدر خان نے کہا کہ نائن الیون نے دنیا اور پاکستان کے حوالے سے صورتحال کو یکسر تبدیل کردیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشتگردی کے خلاف عالمی کوششوں کا حصہ رہا ہے اور خود بھی دہشتگردی سے شدید متاثر ہوا ہے۔
پاکستان گلوبل گورننس انیشی ایٹو میں چین کے ساتھ کام کرنے کو تیارگلوبل گورننس انیشی ایٹو کے حوالے سے ترجمان نے کہا کہ یہ چین کا ایک اہم منصوبہ ہے اور پاکستان اس کا حصہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اس اقدام کے تحت چین کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے۔
منشیات کا بڑا نیٹ ورک توڑنے کا دعویٰ
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ اینٹی نارکوٹکس فورس نے منشیات کے ایک بڑے نیٹ ورک کو توڑا ہے، جس کا سرغنہ ایک افغان شہری تھا۔
ان کے مطابق کراچی بندرگاہ پر سری لنکن حکام کے ساتھ رابطے اور تعاون کے نتیجے میں کارروائی کرتے ہوئے 200 کلوگرام منشیات قبضے میں لی گئیں۔
سجاد حیدر خان نے منشیات کے خلاف کارروائی میں تعاون کرنے والے دوست ممالک کا شکریہ بھی ادا کیا۔