فن لینڈ کی 27 سالہ سوشل میڈیا انفلوئنسر کاسمیٹک سرجری کے دوران چل بسیں
فن لینڈ کی معروف 27 سالہ سوشل میڈیا انفلوئنسر اولیویا اوراس ہیلسنکی کے ایک نجی بیوٹی کلینک میں کاسمیٹک طریقۂ کار کے دوران انتقال کر گئیں، جبکہ پولیس نے واقعے میں ممکنہ غفلت یا جرم کے پہلوؤں سے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق اولیویا کو کاسمیٹک پروسیجر سے قبل بے ہوشی کی دوا دی گئی، جس کے دوران وہ اچانک ہوش کھو بیٹھیں۔ حالت خراب ہونے پر انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔
اولیویا کے والدین ریجو اوراس اور جوہانا اوراس نے بتایا کہ ان کی بیٹی کو بے ہوشی کی دوا دینے کے بعد طبی پیچیدگی پیش آئی اور وہ اسپتال میں زیرِ علاج رہیں، تاہم بعد ازاں ان کا انتقال ہوگیا۔
ہیلسنکی پولیس کے مطابق اولیویا کی موت کے 3 روز بعد واقعے کی باقاعدہ تحقیقات کے لیے درخواست موصول ہوئی، جس کے بعد پولیس نے ممکنہ مجرمانہ پہلوؤں کا جائزہ لینا شروع کردیا ہے۔
اولیویا کے والدین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ کاسمیٹک طریقۂ کار انجام دینے والے کلینک کی جانب سے کسی ممکنہ غلطی یا غفلت کے باعث یہ واقعہ پیش آیا، تاہم پولیس تحقیقات ابھی ابتدائی مرحلے میں ہیں اور واقعے کی حتمی وجہ سامنے نہیں آئی۔
حکام کی جانب سے فی الحال اس بات کی تصدیق نہیں کی گئی کہ اولیویا کی موت کسی طبی غلطی، بے ہوشی کی دوا کے ردِعمل یا کسی اور وجہ سے ہوئی، جبکہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مزید تفصیلات سامنے آنے کی توقع ہے۔
اولیویا اوراس نے بہت کم عمری میں سوشل میڈیا کی دنیا میں قدم رکھا تھا اور نوعمری ہی میں انفلوئنسر کے طور پر مقبولیت حاصل کرلی تھی۔
انہوں نے 14 سال کی عمر میں انسٹاگرام استعمال کرنا شروع کیا اور وقت کے ساتھ ان کے ہزاروں فالوورز بن گئے۔
2016ء میں ان کی دستاویزی فلم ’دی پرفیکٹ سیلفی‘ نے انہیں مزید شہرت دی، جس میں تقریباً ڈیڑھ سال کے دوران سوشل میڈیا کے ساتھ ان کے تعلق، آن لائن زندگی اور انفلوئنسر کے طور پر ان کے تجربات کو دکھایا گیا تھا۔