Breaking News

ٹرمپ کو طنز کا نشانہ بنانے کیلئےبالی وڈ اداکار اکشے کمار کی مشہور میم استعمال

ٹرمپ کو طنز کا نشانہ بنانے کیلئےبالی وڈ اداکار اکشے کمار کی مشہور میم استعمال
۱ منٹ پہلے

 تیونس میں ایرانی سفارتخانے نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو طنز کا نشانہ بنانے کے لیے بالی وڈ اداکار اکشے کمار کی مشہور میم استعمال کرلی، جس میں مبینہ امریکی ڈرون آبدوز کے نقصان، تیل کی بڑھتی قیمتوں اور انتخابات کا حوالہ دیا گیا۔

 

ایرانی سفارتخانے کی جانب سے یہ میم سرکاری ایکس اکاؤنٹ پر ایسے وقت میں شیئر کی گئی جب ایران نے دعویٰ کیا کہ پاسدارانِ انقلاب نے 8 ستمبر کو آبنائے ہرمز کے داخلی راستے پر ایک بغیر پائلٹ امریکی ڈرون آبدوز کو قبضے میں لے لیا ہے۔

 

پاسدارانِ انقلاب کے مطابق ایرانی بحری افواج نے صبح کے وقت ایک پیچیدہ انٹیلی جنس اور آپریشنل کارروائی کے دوران مذکورہ ڈرون آبدوز کو قبضے میں لیا۔

 

ایرانی حکام کی جانب سے مبینہ طور پر قبضے میں لی گئی امریکی ڈرون آبدوز کی تصاویر اور ویڈیو بھی جاری کی گئیں۔

 

دوسری جانب امریکا نے ایران کے دعوے سے مختلف مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ ڈرون آبدوز ایک پرانا ماڈل تھی جو آپریشن کے دوران خراب ہوگئی تھی۔

 

ایرانی سفارتخانے نے اس معاملے پر روایتی سفارتی بیان جاری کرنے کے بجائے طنزیہ انداز اپنایا اور 2011 کی بالی وڈ کامیڈی فلم ’ہے بے بی‘ میں اکشے کمار کے مشہور تاثرات پر مبنی میم شیئر کردی۔

 

میم کے ساتھ لکھا گیا کہ ایک ڈرون آبدوز کھوگئی، تیل کی قیمت 100 ڈالر کے قریب پہنچ رہی ہے، انتخابات بھی قریب ہیں، ٹرمپ کیا حال ہے؟

 

سفارتخانے کی پوسٹ میں اکشے کمار کے طنزیہ اور شرارتی تاثرات کے ذریعے امریکی ڈرون آبدوز کے معاملے کو مزاحیہ انداز میں پیش کیا گیا، جبکہ تیل کی قیمتوں اور آئندہ انتخابات کا ذکر کرکے امریکی صدر پر مزید طنز کیا گیا۔

 

ایرانی سفارتخانے کی یہ پوسٹ سوشل میڈیا پر بھی توجہ کا مرکز بن گئی، جہاں ایک سنجیدہ جغرافیائی و عسکری معاملے پر بالی وڈ میم کے استعمال نے صارفین کی دلچسپی بڑھا دی۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں