حوثیوں کا یمن میں سعودی ایف-15 لڑاکا طیارہ مار گرانے کا دعویٰ
یمن کی حوثی فورسز نے شمال مشرقی صوبے مأرب کی فضائی حدود میں سعودی عرب کا ایف-15 لڑاکا طیارہ مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے، تاہم سعودی حکام یا سعودی قیادت میں قائم اتحاد کی جانب سے فوری طور پر اس دعوے کی تصدیق نہیں کی گئی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حوثی فوج کے ترجمان یحییٰ سریع نے دعویٰ کیا کہ سعودی ایف-15 طیارے کو مأرب گورنری میں جبل حیلان کے قریب نشانہ بنایا گیا۔
حوثی ترجمان کے مطابق سعودی لڑاکا طیارہ مأرب میں جاری فوجی کارروائیوں کی حمایت میں سرگرم تھا، جسے مقامی سطح پر تیار کردہ میزائل کے ذریعے مار گرایا گیا۔
یحییٰ سریع نے سعودی کارروائیوں کو یمن اور اس کے عوام کے خلاف جارحیت قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ یمنی مسلح افواج نے سعودی ایف-15 کو اس وقت نشانہ بنایا جب وہ مأرب کی فضائی حدود میں فوجی سرگرمیوں میں حصہ لے رہا تھا۔
حوثی اکثریتی تنظیم انصار اللہ نے بھی سعودی ایف-15 کو مار گرانے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ طیارہ مأرب میں جاری کارروائیوں میں شامل تھا اور اسے مقامی طور پر تیار کردہ میزائل سے نشانہ بنایا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یمنی حوثیوں اور سعودی عرب کے درمیان فضائی کارروائیوں اور سرحد پار حملوں میں شدت دیکھی جارہی ہے۔
دوسری جانب سعودی عرب کی جانب سے فوری طور پر حوثیوں کے دعوے کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی، جبکہ سعودی قیادت میں قائم اتحاد کی جانب سے بھی فوری طور پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔