ایکس کا نیا فیچر، فون نمبر کے بغیر صارفین ایک دوسرے سے رابطہ کرسکیں گے
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) نے صارفین کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کرا دیا ہے، جس کے ذریعے وہ فون نمبر شیئر کیے بغیر ایک دوسرے سے رابطہ یا فالو کرسکیں گے۔
ایکس نمبر نامی یہ سہولت ایکس چیٹ استعمال کرنے والے صارفین کے لیے متعارف کرائی گئی ہے، جس کا مقصد رابطے کے عمل کو مزید آسان اور نجی بنانا ہے۔
اس فیچر کے تحت صارفین کو ایک منفرد پرائیویٹ کوڈ فراہم کیا جائے گا، جسے وہ ایسے افراد کے ساتھ شیئر کرسکیں گے جنہیں وہ فالو نہیں کرتے۔ اس کوڈ کے ذریعے دوسرے صارفین انہیں پیغام بھیج سکیں گے یا کال کرسکیں گے۔
کمپنی کے مطابق جب کوئی صارف ایکس نمبر درج کرے گا تو وہ دوسرے صارف کو فالو کیے بغیر بھی براہ راست رابطہ کرسکے گا۔
ایکس کے مطابق اس ذریعے سے آنے والی گفتگو عام میسج ریکوئسٹ کے بجائے براہ راست ان باکس میں موصول ہوگی، جبکہ کال کرنے کی سہولت بھی دستیاب ہوگی، تاہم یہ دوسرے صارف کی کال پرائیویسی سیٹنگز پر منحصر ہوگی۔
کمپنی نے واضح کیا ہے کہ ایکس نمبر اصل فون نمبر نہیں بلکہ ایک الگ شناختی کوڈ ہے، اور یہ فیچر مکمل طور پر اختیاری رکھا گیا ہے۔
صارف اپنی ضرورت کے مطابق اس فیچر کو آن یا آف کرسکتا ہے، جبکہ کوڈ کو ریفریش کرنے کی سہولت بھی موجود ہوگی۔ ریفریش کرنے کے بعد نیا کوڈ جاری ہوگا، جس کے باعث پرانے کوڈ کے حامل افراد دوبارہ رابطہ نہیں کرسکیں گے۔
اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے صارفین ایکس چیٹ کھول کر چیٹ پن درج کریں، پھر ان باکس کے ڈراپ ڈاؤن مینیو میں نمبر آپشن منتخب کرسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ ایکس نے اپنی چیٹ ایپ رواں سال اپریل میں متعارف کرائی تھی، جس کا مقصد میسجنگ کے شعبے میں واٹس ایپ سمیت دیگر پلیٹ فارمز کا مقابلہ کرنا ہے۔