اے آئی سے باپ کو زہر دینے کا طریقہ پوچھنے والا 17 سالہ نوجوان گرفتار
اے آئی سے باپ کو زہر دینے کا طریقہ پوچھنے والا 17 سالہ نوجوان گرفتار کرلیا گیا، نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) پنجاب نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو بہاولپور سے حراست میں لے لیا۔
این سی سی آئی اے پنجاب کے مطابق کارروائی ڈائریکٹر حسام بن اقبال کی ہدایت پر کی گئی، جبکہ واقعے کا سراغ بیرون ملک سے موصول ہونے والی انٹیلی جنس معلومات اور سائبر مانیٹرنگ کے ذریعے لگایا گیا۔
تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ 17 سالہ طالب علم مبینہ طور پر مشہور کرائم ڈراما سیریز ’بریکنگ بیڈ‘ سے متاثر تھا اور اس نے زہر تیار کرنے کے لیے معلومات حاصل کیں۔
حکام کے مطابق ملزم نے مبینہ طور پر اپنے گھر میں ایک خفیہ لیبارٹری قائم کر رکھی تھی، جہاں وہ کیمیائی تجربات کرتا تھا۔
ذرائع کے مطابق نوجوان نے زہر تیار کرنے کے لیے کیمیائی مواد آن لائن منگوائے، جن میں کچھ مواد آسٹریلیا اور کچھ اسلام آباد سے حاصل کیے گئے۔
تحقیقات کے مطابق ملزم نے اپنے والد کو زہر دینے کی پہلی کوشش کی، تاہم وہ کامیاب نہ ہوسکی۔ بعد ازاں اس نے مصنوعی ذہانت (AI) سے دوبارہ رہنمائی حاصل کرنے کی کوشش کی۔
این سی سی آئی اے حکام کے مطابق ملزم کی آن لائن سرگرمیوں، ڈیجیٹل شواہد اور دیگر تکنیکی پہلوؤں کی تحقیقات جاری ہیں تاکہ واقعے کے تمام حقائق سامنے لائے جا سکیں۔
واقعے نے مصنوعی ذہانت کے غلط استعمال، نوجوانوں کی آن لائن سرگرمیوں اور نقصان دہ معلومات تک آسان رسائی سے متعلق اہم سوالات کو جنم دے دیا ہے۔