امریکی عدالت نے سی این این، ایم ایس ناؤ اور پولیٹیکو نیوز نیٹ ورکس پر پابندی معطل کر دی
امریکا میں ایک وفاقی جج نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے تین میڈیا اداروں کو وائٹ ہاؤس تک رسائی سے روکنے کے فیصلے کو عارضی طور پر معطل کرتے ہوئے انتظامیہ کو ان اداروں کی رسائی بحال کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
عدالتی حکم کے مطابق سی این این، ایم ایس ناؤ اور پولیٹیکو نیوز نیٹ ورکس کے خلاف عائد پابندی فی الحال ختم رہے گی اور یہ عارضی حکم امتناعی 14 روز تک نافذ العمل ہوگا، تاکہ عدالت معاملے کا مزید تفصیلی جائزہ لے سکے۔
متاثرہ میڈیا اداروں نے وائٹ ہاؤس کی جانب سے رسائی روکنے کے اقدام کو آزادی صحافت کے آئینی حق کی خلاف ورزی اور امتیازی سلوک قرار دیا تھا۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ابتدا میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ ان اداروں کی وائٹ ہاؤس تک رسائی اس لیے ختم کی گئی کیونکہ وہ مبینہ طور پر "جعلی خبریں" نشر کر رہے تھے۔ بعد میں وائٹ ہاؤس نے بغیر تفصیلی شواہد پیش کیے ان میڈیا اداروں پر قومی سلامتی کو نقصان پہنچانے کے الزامات بھی عائد کیے۔
ٹرمپ کی جانب سے مقرر کیے گئے وفاقی جج ٹموتھی کیلی نے کہا کہ ان کے ابتدائی جائزے کے مطابق میڈیا اداروں کی رسائی ختم کرنے کے لیے مطلوبہ قانونی طریقہ کار پر درست انداز میں عمل نہیں کیا گیا۔
عدالت کے اس فیصلے کے بعد متعلقہ میڈیا اداروں کو عارضی طور پر دوبارہ وائٹ ہاؤس کی کوریج اور رسائی حاصل ہو گئی ہے، جبکہ مقدمے کی مزید سماعت جاری رہے گی۔