Breaking News

بالائی علاقوں میں بارش، سیلاب اور ژالہ باری کا خدشہ، این ڈی ایم اے کا الرٹ

بالائی علاقوں میں بارش، سیلاب اور ژالہ باری کا خدشہ، این ڈی ایم اے کا الرٹ
۹ گھنٹے پہلے

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے 25 سے 30 ستمبر کے دوران بالائی علاقوں میں متوقع بارشوں اور ممکنہ موسمی خطرات کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا ہے۔

 

این ای او سی کے مطابق 25 اور 26 ستمبر کو مغربی ہواؤں کے نظام میں شدت آنے کا امکان ہے، جس کے باعث بالائی خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

 

این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ پہاڑی علاقوں اور برساتی ندی نالوں میں اچانک طغیانی کا خدشہ پیدا ہو سکتا ہے۔

 

الرٹ کے مطابق گلگت بلتستان کے استور، اسکردو، روندو، گھانچے اور شگر، آزاد کشمیر کے نیلم ویلی، حویلی، پونچھ اور سدھنوتی جبکہ خیبرپختونخوا کے سوات، باجوڑ، دیر، کوہستان، کولئی پالس، بٹگرام اور مانسہرہ میں سیلابی صورتحال کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔

 

این ڈی ایم اے کے مطابق 30 ستمبر تک پوٹھوہار، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔

 

اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، مری، گلیات، لاہور، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، گجرات، سرگودھا، فیصل آباد، اوکاڑہ، ساہیوال اور جھنگ سمیت مختلف علاقوں میں شدید بارش کے باعث شہری سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

 

این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ پیشگی انتظامات مکمل رکھیں، ممکنہ متاثرہ علاقوں میں ایمرجنسی رسپانس ٹیمیں اور ضروری وسائل دستیاب رکھیں، جبکہ بارش اور ندی نالوں کی صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جائے۔

 

عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ برساتی ندی نالوں، پہاڑی راستوں اور پانی میں ڈوبی سڑکوں کو عبور کرنے سے گریز کریں، جبکہ نشیبی اور خطرے سے دوچار علاقوں میں رہنے والے افراد محتاط رہیں۔

 

این ڈی ایم اے نے موسمی صورتحال اور حفاظتی اقدامات سے متعلق معلومات کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ موبائل ایپ استعمال کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں