یوٹیوب میں صارفین کے لیے متعدد نئے فیچرز متعارف
یوٹیوب نے صارفین کے لیے مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی کئی نئے فیچرز متعارف کرا دیے ہیں، جن کا مقصد پلیٹ فارم پر مواد تلاش کرنے اور ویڈیوز بنانے کے طریقہ کار کو مزید آسان بنانا ہے۔
کمپنی نے ان نئے فیچرز کا اعلان اپنے سالانہ میڈ آن یوٹیوب ایونٹ کے دوران کیا۔
نئے فیچرز میں ایک اہم "آسک یوٹیوب" ٹول شامل ہے، جس کے ذریعے صارفین ویڈیو دیکھتے ہوئے سوالات پوچھ سکیں گے۔
یہ فیچر صارفین کو پراڈکٹ سرچ میں بھی مدد فراہم کرے گا اور ان کی دلچسپی اور ترجیحات کے مطابق ویڈیوز کی سفارشات پیش کرے گا۔
یوٹیوب کے مطابق اس ٹول کو ٹی وی پر ویڈیوز دیکھتے وقت وائس کمانڈ کے ذریعے بھی استعمال کیا جا سکے گا۔
کمپنی کی جانب سے کسٹم فیڈز کا نیا فیچر بھی متعارف کرایا جا رہا ہے۔
اس فیچر کے ذریعے صارفین سادہ ٹیکسٹ پرومپٹس کی مدد سے اپنے ہوم پیج کو اپنی دلچسپی، مزاج اور دیکھنے کی عادات کے مطابق ترتیب دے سکیں گے۔
یوٹیوب کا کہنا ہے کہ اس فیچر کے ذریعے صارفین کی پسند کے مطابق ویڈیوز اور اپ ڈیٹس کو نئی سفارشات میں شامل کیا جائے گا۔
یہ فیچر ابتدائی طور پر امریکا میں صارفین کے لیے دستیاب ہوگا۔
یوٹیوب نے کانٹینٹ کریٹرز کے لیے بھی ایک نیا اے آئی ٹول متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔
یہ ٹول تخلیق کاروں کو ٹیکسٹ پرومپٹس کے ذریعے ویڈیو ایڈیٹنگ کے مختلف مراحل مکمل کرنے میں مدد دے گا، جس سے ایڈیٹنگ کا عمل مزید آسان ہو جائے گا۔
اس کے علاوہ یوٹیوب میں اے آئی پر مبنی کمنٹ موڈریشن فیچر بھی شامل کیا جا رہا ہے۔
کمپنی کے مطابق لائیو اسٹریمز میں خودکار ترجمہ اور صارفین کے چہروں یا آواز کے غلط استعمال سے تحفظ کے لیے بھی نئے ٹولز جلد دستیاب کیے جائیں گے۔