سعودی اتحادی فوج کا مدینہ منورہ میں کروز میزائل فضا میں تباہ کرنے کا دعویٰ
سعودی اتحادی افواج نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی عرب کی جانب داغا جانے والا ایک کروز میزائل مدینہ منورہ کے ریجن میں فضائی دفاعی نظام کے ذریعے ناکارہ بنا کر تباہ کر دیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی اتحادی فوج کے ترجمان نے اپنے جاری کردہ بیان میں کروز میزائل کو مار گرانے کی تفصیلات بتائی ہیں۔
ترجمان کے مطابق سعودی فضائی دفاعی نظام نے میزائل کے سعودی حدود کی جانب داغے جانے کے فوراً بعد اس کا سراغ لگا لیا تھا۔
فضائی دفاعی نظام نے میزائل کی نقل و حرکت کی مسلسل نگرانی کی اور مدینہ ریجن میں اسے انٹرسیپٹ کرکے فضا میں تباہ کر دیا۔
سعودی اتحادی فوج کے ترجمان نے کہا کہ اتحادی کمانڈ دشمن کے فضائی اہداف اور ممکنہ حملوں کا مقابلہ کرنے کے لیے مکمل طور پر چوکس اور تیار ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ فضائی خطرات کو ناکام بنانے کے لیے سخت دفاعی اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
ترجمان کے مطابق ان اقدامات کا مقصد شہری تنصیبات اور اثاثوں کے ساتھ اسلامی مقدسات کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔
سعودی اتحادی افواج نے فضائی خطرات کے مقابلے میں مستعد رہنے اور اہم مقامات کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔