Entertainment

ایشیاء کے سب سے بڑے فلمی میلے میں ایرانی فلم ’مڈ ڈے میل‘ نے اعلیٰ ترین ایوارڈ جیت لیا

ایشیاء کے سب سے بڑے فلمی میلے میں ایرانی فلم ’مڈ ڈے میل‘ نے اعلیٰ ترین ایوارڈ جیت لیا
۲ دن پہلے

ایران کے معروف فلم ساز مجید مجیدی کی ڈرامہ فلم ’مڈ ڈے میل‘ نے جنوبی کوریا میں منعقدہ بوسان انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کا سب سے بڑا ایوارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔ 

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعرات کو ہونے والی ایوارڈز کی تقریب میں مجید مجیدی کی فلم کو اعلیٰ ترین اعزاز سے نوازا گیا۔ 

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ اس کامیابی کے نتیجے میں فلم کو آسکر ایوارڈز کی بین الاقوامی فیچر فلم کیٹیگری کے لیے بھی براہ راست اہلیت حاصل ہوگئی ہے۔ 

بوسان انٹرنیشنل فلم فیسٹیول، جسے ایشیاء کا سب سے بڑا فلمی میلہ قرار دیا جاتا ہے، نے گزشتہ سال پہلی مرتبہ باقاعدہ مسابقتی مقابلے کا آغاز کیا تھا۔ 

رواں سال اس مقابلے میں مجموعی طور پر 13 فلموں نے حصہ لیا، جن میں جنوبی کوریا کی 3 فلمیں بھی شامل تھیں۔ 

فلموں کی جانچ اور فاتح کے انتخاب کے لیے قائم جیوری کی سربراہی معروف چینی فلم ساز ژانگ ییمو نے کی، جنہیں فلم ’رائز دی ریڈ لالٹین‘ سے شہرت حاصل ہوئی تھی۔ 

جیوری نے مقابلے میں شامل فلموں کا جائزہ لینے کے بعد ایرانی ہدایت کار مجید مجیدی کی فلم ’مڈ ڈے میل‘ کو اعلیٰ ترین ایوارڈ کا فاتح قرار دیا۔ 

فلم کی کہانی ایران کے ایک غریب گاؤں میں تعینات استاد کے گرد گھومتی ہے، جس کے سکول کو بندش کا خطرہ لاحق ہوتا ہے۔ 

اپنے سکول کو بند ہونے سے بچانے کی کوشش میں استاد ایسے حالات کا سامنا کرتا ہے جو اسے سمگلنگ کا راستہ اختیار کرنے پر مجبور کر دیتے ہیں۔ 

اس کامیابی کے ساتھ مجید مجیدی کی ڈرامہ فلم نے ایشیاء کے نمایاں بین الاقوامی فلمی مقابلے میں اہم اعزاز حاصل کر لیا ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں