Sports

ہاکی ٹیم سلطان اذلان شاہ ٹورنامنٹ میں شرکت کرے گی، کینیڈا کی ٹیم بھی پاکستان آئے گی

ہاکی ٹیم سلطان اذلان شاہ ٹورنامنٹ میں شرکت کرے گی، کینیڈا کی ٹیم بھی پاکستان آئے گی
۵ دن پہلے

پاکستان ہاکی ٹیم نومبر میں ہونے والے سلطان اذلان شاہ کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں شرکت کرے گی، جبکہ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے کینیڈا کی قومی ہاکی ٹیم کے فروری 2027 میں دورۂ پاکستان کی بھی باضابطہ تصدیق کر دی ہے۔ 

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین وانی نے بتایا کہ پاکستان نے سلطان اذلان شاہ کپ میں شرکت کی دعوت قبول کر لی ہے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ اس بین الاقوامی ٹورنامنٹ میں شرکت سے قومی ہاکی ٹیم کو مختلف ممالک کی ٹیموں کے خلاف کھیلنے کے مزید مواقع ملیں گے۔ 

محی الدین وانی کے مطابق بین الاقوامی مقابلوں میں حصہ لینے سے پاکستانی کھلاڑیوں کو غیر معمولی تجربہ حاصل ہوگا اور انہیں اپنی صلاحیتیں بہتر بنانے کا موقع ملے گا۔ 

صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن نے بتایا کہ پاکستان کی انڈر 21 ہاکی ٹیم پہلے ہی سلطان آف جوہر کپ میں شرکت کے لیے ملائیشیا پہنچ چکی ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کو اس ٹورنامنٹ میں بین الاقوامی سطح پر کھیلنے کا تجربہ حاصل ہوگا۔ 

ان کے مطابق مقابلوں کے دوران نوجوان کھلاڑیوں کی کارکردگی اور صلاحیتوں کا جائزہ لینے میں بھی مدد ملے گی۔ 

دوسری جانب پاکستان ہاکی فیڈریشن نے تصدیق کی ہے کہ کینیڈا کی قومی ہاکی ٹیم فروری 2027 میں پاکستان کا دورہ کرے گی۔ 

صدر پی ایچ ایف محی الدین وانی نے کینیڈین ٹیم کے مجوزہ دورے کو پاکستان میں بین الاقوامی ہاکی کی بحالی کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا۔ 

انہوں نے کینیڈین ہاکی ٹیم کے دورۂ پاکستان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ مہمان ٹیم کے لیے مثالی انتظامات کیے جائیں گے۔ 

محی الدین وانی نے امید ظاہر کی کہ کینیڈا کی ٹیم کے دورے سے دونوں ممالک کے درمیان کھیلوں کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں بین الاقوامی ہاکی مقابلوں کے انعقاد کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔ 

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مطابق قومی ٹیم کی سلطان اذلان شاہ کپ میں شرکت، انڈر 21 ٹیم کی سلطان آف جوہر کپ میں موجودگی اور کینیڈین ٹیم کے آئندہ دورے سے پاکستانی کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر کھیلنے اور ملک میں غیر ملکی ٹیموں کی میزبانی کے مواقع میسر آئیں گے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں