Sports

پی ایس ایل سکسز کے نام سے نئے کرکٹ ٹورنامنٹ کا اعلان

پی ایس ایل سکسز کے نام سے نئے کرکٹ ٹورنامنٹ کا اعلان
۱ منٹ پہلے

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چیف ایگزیکٹو سلمان نصیر نے مستقبل قریب میں ایچ بی ایل پی ایس ایل سکسز کے نام سے نیا کرکٹ ٹورنامنٹ شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے، جس کا مقصد شائقین کو مزید تفریح فراہم کرنے کے ساتھ پی ایس ایل کا دائرہ کار چھوٹے شہروں تک بڑھانا ہے۔ 

پی ایس ایل پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے سلمان نصیر نے بتایا کہ مجوزہ ٹورنامنٹ مرکزی پاکستان سپر لیگ کے دوران منعقد نہیں کیا جائے گا بلکہ اسے پی ایس ایل کے دو سیزنز کے درمیانی عرصے میں کرانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ کے انعقاد کا حتمی وقت کھلاڑیوں کی دستیابی اور موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے طے کیا جائے گا۔ 

سلمان نصیر کے مطابق انتظامیہ کا ارادہ ہے کہ پی ایس ایل سکسز کو آنے والے برسوں میں ایک باقاعدہ ایونٹ کی شکل دی جائے، جو کرکٹ شائقین کے لیے دلچسپ اور تفریحی ثابت ہوگا۔ 

انہوں نے بتایا کہ اس ٹورنامنٹ کے ذریعے ان چھوٹے شہروں اور سٹیڈیمز تک بھی پہنچنے کی کوشش کی جائے گی جہاں اب تک پاکستان سپر لیگ کے میچز منعقد نہیں ہوئے۔ 

اس اقدام سے پی ایس ایل کی سرگرمیوں کو موجودہ بڑے مراکز سے آگے بڑھانے اور نئے علاقوں کے شائقین کو کرکٹ سے لطف اندوز ہونے کے مواقع فراہم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ 

واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کا آغاز 2016 میں پانچ ٹیموں کے ساتھ ہوا تھا، جبکہ 2018 میں ملتان سلطانز کی شمولیت سے لیگ میں ٹیموں کی تعداد بڑھ گئی تھی۔ 

بعد ازاں پی ایس ایل میں مزید توسیع ہوئی اور پی ایس ایل 11 میں مجموعی طور پر آٹھ ٹیموں نے حصہ لیا۔ 

دوسری جانب پی ایس ایل 12 کا انعقاد 18 مارچ سے 2 مئی 2027 تک شیڈول ہے، جس میں تمام آٹھ فرنچائزز شرکت کریں گی۔ 

پی ایس ایل سکسز کے لیے ابھی کسی حتمی تاریخ یا مقام کا اعلان نہیں کیا گیا، تاہم سلمان نصیر نے واضح کیا ہے کہ اسے مرکزی پی ایس ایل سے الگ ایک باقاعدہ ٹورنامنٹ بنانے کی منصوبہ بندی جاری ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں