Sports

کھیلوں میں ابھی بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے، شہباز شریف

کھیلوں میں ابھی بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے، شہباز شریف
۵ دن پہلے

وزیراعظم شہباز شریف نے ایشین گیمز میں 2 چاندی اور 8 کانسی کے تمغے جیتنے والے پاکستانی کھلاڑیوں کو مبارک باد دیتے ہوئے جلد قومی سپورٹس کانفرنس منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں نے اپنی محنت اور لگن سے ملک کا نام روشن کیا، تاہم بین الاقوامی سطح پر مزید کامیابیاں حاصل کرنے کے لیے نوجوانوں کو بہتر تربیت، وسائل اور یکساں مواقع فراہم کرنا ہوں گے۔ 

اسلام آباد میں ایشین گیمز کے میڈلز جیتنے والے کھلاڑیوں کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں نے مجموعی طور پر 10 تمغے حاصل کیے، جن میں 2 چاندی اور 8 کانسی کے تمغے شامل ہیں۔ 

شہباز شریف نے کہا کہ یہ کامیابی کھلاڑیوں کی مسلسل محنت، کھیل سے وابستگی اور ان کے والدین کی دعاؤں کا نتیجہ ہے۔ 

انہوں نے اعتراف کیا کہ پاکستان میں کھیلوں کو فروغ دینے اور عالمی مقابلوں میں مزید کامیابیاں حاصل کرنے کے لیے ابھی بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔ 

وزیراعظم نے کہا کہ پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سمیت پاکستان کے ہر علاقے میں کھیلوں کا غیر معمولی ٹیلنٹ موجود ہے۔ 

انہوں نے یقین دلایا کہ نوجوان کھلاڑیوں کی بلاامتیاز حوصلہ افزائی کی جائے گی اور انہیں اپنی صلاحیتیں منوانے کے لیے آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ 

شہباز شریف نے کھلاڑیوں کو مالی معاونت کے چیک دینے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ رقم ان کا حق ہے، حکومت کی جانب سے کوئی احسان نہیں۔ 

ان کا کہنا تھا کہ ملک کے لیے اعزازات حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کی سرپرستی اور ان کی ضروریات پوری کرنا ضروری ہے۔ 

وزیراعظم نے ماضی میں پاکستانی کھلاڑیوں کی کامیابیوں کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ایک دور میں عالمی ہاکی پر پاکستان کا راج تھا۔ 

انہوں نے کہا کہ حسن سردار، شہناز شیخ اور اختر رسول جیسے نامور ہاکی کھلاڑیوں نے عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا۔ 

شہباز شریف نے سکواش کے عظیم کھلاڑیوں جہانگیر خان اور جان شیر خان کی کامیابیوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ ان کی فتوحات پاکستان کی کھیلوں کی تاریخ کا سنہرا باب ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ کرکٹ سمیت دیگر کھیلوں میں بھی پاکستان نمایاں کامیابیاں حاصل کر چکا ہے۔ 

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی خواتین کرکٹ، ہاکی اور مختلف دیگر کھیلوں میں آگے بڑھ رہی ہیں، جو خوش آئند پیش رفت ہے۔ 

انہوں نے فٹبال، والی بال، کبڈی اور دیگر کھیلوں میں موجود نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتیں بہتر بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ 

ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کی کارکردگی میں بہتری کے لیے جدید اور مؤثر تربیت، مناسب وسائل اور تمام متعلقہ اداروں کی مشترکہ کوششیں ضروری ہیں۔ 

شہباز شریف نے کہا کہ ماضی میں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز، پاکستان ریلوے اور واپڈا سمیت مختلف سرکاری ادارے نامور کھلاڑیوں کی سرپرستی کرتے تھے۔ 

ان اداروں کی جانب سے کھلاڑیوں کو کھیلوں میں حصہ لینے اور اپنی صلاحیتیں بہتر بنانے کے لیے سہولیات فراہم کی جاتی تھیں۔ 

وزیراعظم نے بتایا کہ گزشتہ پی ڈی ایم حکومت کے دور میں اس نظام کی بحالی کا مطالبہ سامنے آیا تھا، جس پر انہوں نے فوری احکامات جاری کیے تھے۔ 

وزیراعظم شہباز شریف نے اعلان کیا کہ جلد ایک قومی سپورٹس کانفرنس منعقد کی جائے گی، جس میں ملک میں کھیلوں کے فروغ کے لیے اقدامات پر تفصیلی تبادلۂ خیال ہوگا۔ 

انہوں نے بتایا کہ کانفرنس میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے متعلقہ حکام، ماضی کے نامور کھلاڑیوں اور موجودہ دور کے نمایاں کھلاڑیوں کو مدعو کیا جائے گا۔ 

وزیراعظم کے مطابق کانفرنس میں نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت، وسائل کی فراہمی، ادارہ جاتی سرپرستی اور بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کی کارکردگی بہتر بنانے کے طریقوں پر غور کیا جائے گا۔ 

انہوں نے کہا کہ مقصد ایسا مؤثر نظام تشکیل دینا ہے جس کے ذریعے پاکستانی کھلاڑیوں کو ترقی کے بہتر مواقع ملیں اور ملک عالمی کھیلوں میں دوبارہ نمایاں مقام حاصل کر سکے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں