Pakistan

وزیر داخلہ کی لائبہ کے گھر آمد، 50 لاکھ سے زائد رقم واپس، ملزم کے مزید 21 افراد سے فراڈ کا انکشاف

وزیر داخلہ کی لائبہ کے گھر آمد، 50 لاکھ سے زائد رقم واپس، ملزم کے مزید 21 افراد سے فراڈ کا انکشاف
۸ گھنٹے پہلے

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں گولڈ میڈلسٹ طالبہ لائبہ اعجاز کے گھر پہنچ کر ان کے والد رانا اعجاز سے ملاقات کی اور جعلسازی کے ذریعے لوٹی گئی 50 لاکھ روپے سے زائد رقم ان کے حوالے کردی۔

 

 دوسری جانب تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ہلاک ملزم نعمان نے لائبہ کے علاوہ مزید 21 افراد کو بھی وزارت دفاع میں ملازمت کے جعلی تقرری نامے دے کر مبینہ طور پر رقم بٹوری تھی۔ 

وزیر داخلہ محسن نقوی کے ہمراہ وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری اور آئی جی اسلام آباد سہیل چوہدری بھی موجود تھے۔ 

محسن نقوی نے لائبہ کے والد رانا اعجاز سے ملاقات کے دوران اظہار ہمدردی کیا اور جعلساز کی جانب سے لوٹی گئی رقم واپس کی۔ 

ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ نے لائبہ کے والد کو 50 لاکھ روپے سے زائد رقم حوالے کرتے ہوئے باقی رقم کی واپسی کی بھی یقین دہانی کرائی۔ 

گولڈ میڈلسٹ طالبہ لائبہ اعجاز کی خودکشی کے معاملے پر آئی جی اسلام آباد سہیل چوہدری نے بھی ان کے گھر پہنچ کر اہل خانہ سے تعزیت کی۔ 

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لائبہ کے والد رانا اعجاز نے وزیر داخلہ سمیت تعاون کرنے والے تمام افراد کا شکریہ ادا کیا۔ 

انہوں نے کہا کہ ان کے خاندان کے ساتھ پیش آنے والا سانحہ وہ کبھی فراموش نہیں کرسکتے، تاہم پاکستانی عوام کی جانب سے ملنے والی حمایت اور ہمدردی سے انہیں سکون ملا ہے۔ 

رانا اعجاز نے بتایا کہ ان کی بیٹی بیرون ملک جانا چاہتی تھی اور ملک کی خدمت کرنے کی خواہشمند تھی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کی جانب سے بھی انہیں مسلسل حوصلہ ملا۔ 

لائبہ کے والد کے مطابق انہیں بتایا گیا ہے کہ ملزم نعمان کے خلاف مزید مقدمات سامنے آئے ہیں اور اس نے مانسہرہ میں بھی لڑکیوں سے مبینہ طور پر رقم وصول کی تھی۔ 

رانا اعجاز نے تصدیق کی کہ ان کی رقم انہیں واپس کردی گئی ہے۔ 

دوسری جانب تحقیقاتی ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ ہلاک ملزم نعمان نے لائبہ کے علاوہ مزید 21 افراد کے ساتھ بھی مبینہ فراڈ کیا تھا۔ 

ذرائع کے مطابق دوران تفتیش ملزم نعمان سے وزارت دفاع میں ملازمت کے 21 جعلی تقرری نامے برآمد ہوئے۔ 

ملزم نے مبینہ طور پر 21 مختلف افراد کو وزارت دفاع میں ملازمت دلوانے کے نام پر جعلی تقرری نامے فراہم کیے اور ان سے رقم وصول کی۔ 

تحقیقات میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ جعلی تقرری نامے حاصل کرنے والوں میں ملزم نعمان کے چار کزن بھی شامل تھے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں