Sports

شارک سے بھرے سمندر میں امریکی خاتون نے 900 میل تیر کر تاریخ رقم کردی

شارک سے بھرے سمندر میں امریکی خاتون نے 900 میل تیر کر تاریخ رقم کردی
۱ منٹ پہلے

امریکا سے تعلق رکھنے والی 33 سالہ ایتھلیٹ کیتھرین برئیڈ نے شارک مچھلیوں سے بھرے سمندر میں 900 میل کا فاصلہ تیر کر ایک منفرد کارنامہ انجام دے دیا۔ وہ کیلیفورنیا کے پورے 900 میل طویل ساحلی سمندری راستے کو تیر کر مکمل کرنے والی پہلی شخصیت بن گئی ہیں۔ 

سان فرانسسکو سے تعلق رکھنے والی کیتھرین برئیڈ نے ریاست اوریگن سے اپنے سفر کا آغاز کیا اور 111 دن یعنی چار ماہ سے بھی کم عرصے میں میکسیکو کی بحری سرحد تک پہنچ کر یہ مشکل سفر مکمل کیا۔ 

انہوں نے یکم جولائی کو تیراکی شروع کی تھی اور 19 اکتوبر کو امریکا اور میکسیکو کی بحری سرحد پر پہنچ کر اپنی مہم اختتام پذیر کی۔ 

اس طویل سفر کے دوران انہیں تند و تیز سمندری لہروں، طوفانوں، شارک مچھلیوں اور دیگر مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ 

111 روزہ مہم کے دوران کیتھرین روزانہ تقریباً پانچ گھنٹے تک سمندر میں تیراکی کرتی تھیں اور اوسطاً 10.3 میل کا فاصلہ طے کرتی تھیں۔ 

ان کی معاون ٹیم پورے سفر میں 52 فٹ لمبی کشتی پر ان کے ساتھ موجود رہی اور مشکل سمندری حالات میں معاونت فراہم کرتی رہی۔ 

اس دوران کیتھرین نے مجموعی طور پر 18 دن پانی سے باہر گزارے تاکہ آرام کرسکیں اور اپنی جسمانی توانائی بحال رکھ سکیں۔ 

مسلسل تیراکی کے لیے جسمانی توانائی برقرار رکھنے کی غرض سے وہ روزانہ 6 ہزار سے زائد کیلوریز پر مشتمل غذا استعمال کرتی تھیں۔ 

سفر کے آخری مرحلے کے قریب انہوں نے سیوریج کے آلودہ پانی سے ممکنہ انفیکشن کے خطرے سے بچنے کے لیے اینٹی بائیوٹکس کا بھی استعمال کیا۔ 

مشکل سمندری حالات اور طویل تیراکی کے باوجود کیتھرین برئیڈ پورے سفر کے دوران صحت مند رہیں اور جیلی فش کے ڈنک سمیت دیگر جسمانی چوٹوں سے بھی محفوظ رہیں۔ 

کیتھرین برئیڈ کے مطابق اس مہم کا مقصد صرف تیراکی کا ایک منفرد کارنامہ انجام دینا نہیں تھا بلکہ سمندری ماحولیاتی نظام کی نزاکت کے بارے میں شعور اجاگر کرنا اور سمندری ماحول کو درپیش مسائل پر توجہ دلانا بھی تھا۔ 

ان کا 900 میل طویل سفر 19 اکتوبر کو امریکی اور میکسیکن بحری سرحد پر مکمل ہوا، جس کے ذریعے انہوں نے طویل فاصلے کی سمندری تیراکی میں ایک منفرد کامیابی حاصل کی اور سمندری ماحول کے تحفظ کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں