بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد جہاں بھی ملے کچل دیں گے، فیلڈ مارشل عاصم منیر
چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے گا اور ایسے عناصر جہاں بھی ملیں گے، انہیں کچل دیا جائے گا۔ انہوں نے عوام کی حمایت سے دہشت گردوں اور ان کے گمراہ کن نظریے کو مکمل شکست دینے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کور ہیڈکوارٹرز پشاور کا دورہ کیا، جہاں انہیں خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی کی مجموعی صورتحال اور جاری انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں فیلڈ مارشل کو سرحدی انتظامی امور، فوجی فارمیشنز کی تعیناتی اور مختلف سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے آپریشنل تیاریوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاک فوج کے افسران اور جوانوں کے پیشہ ورانہ جذبے، عزم اور فرائض کی انجام دہی کو سراہا۔
انہوں نے ہدایت کی کہ موجودہ اور ممکنہ خطرات کا مؤثر انداز میں مقابلہ کرنے کے لیے اعلیٰ پیشہ ورانہ معیار برقرار رکھا جائے اور آپریشنل تیاریوں کو مزید مضبوط بنایا جائے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے گا اور دہشت گرد جہاں بھی موجود ہوں گے، ان کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی عوام، سیکیورٹی فورسز کے شہدا اور غازیوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
چیف آف ڈیفنس فورسز نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام کی مسلسل حمایت اور سیکیورٹی اداروں کی کوششوں سے دہشت گردوں اور ان کے گمراہ کن نظریے کو مکمل شکست دی جائے گی۔
اس سے قبل کور ہیڈکوارٹرز پشاور آمد پر کمانڈر پشاور کور نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال کیا۔