وزیراعظم ہاؤس کےعقب میں مین ہیٹن طرز کا شہر بسانے کااعلان،پلاٹس کی نیلامی دسمبر میں ہوگی
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں وزیراعظم ہاؤس کے عقب میں مین ہیٹن طرز کا جدید ترین شہر بسانے کا اعلان کردیا ہے، جہاں بلند و بالا عمارتیں، شاپنگ مالز اور رہائشی کمپلیکس تعمیر کیے جائیں گے۔ منصوبے کے تحت انتہائی قیمتی پلاٹس کی دسمبر میں نیلامی ہوگی، جبکہ سرمایہ کاروں کو تین سال میں تعمیرات مکمل کرنے اور ہر عمارت کی اونچائی 600 فٹ سے زیادہ رکھنے کی شرائط پوری کرنا ہوں گی۔
اسلام آباد میں سعودی پاک رئیل اسٹیٹ ایکسپو سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ حکومت وفاقی دارالحکومت میں مین ہیٹن کی طرز پر ایک جدید شہر تعمیر کرنے کی منصوبہ بندی کررہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ منصوبہ وزیراعظم ہاؤس کے بالکل عقب میں قائم کیا جائے گا، جہاں مرکزی پارک کے گرد جدید رہائشی، تجارتی اور دیگر سہولتیں فراہم کرنے کا ارادہ ہے۔
محسن نقوی کے مطابق نئے شہر کے انتہائی قیمتی پلاٹس کی نیلامی دسمبر میں کی جائے گی، جس میں ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو شرکت کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ سرمایہ کاروں کو شاپنگ مالز اور رہائشی کمپلیکسز کی تعمیر کے لیے یہ پلاٹس بلا معاوضہ فراہم کیے جائیں گے، تاہم انہیں دو بنیادی شرائط کی پابندی کرنا ہوگی۔
ان کے مطابق پہلی شرط یہ ہوگی کہ سرمایہ کار اپنے منصوبے کی تعمیر تین سال کے اندر مکمل کریں، جبکہ دوسری شرط کے تحت ہر عمارت کی اونچائی 600 فٹ سے زیادہ ہونا ضروری ہوگا۔
محسن نقوی نے سرمایہ کاروں کو یقین دہانی کرائی کہ منصوبوں کی منظوری اور دیگر انتظامی معاملات کے لیے ون ونڈو آپریشن متعارف کرایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہوگی کہ سرمایہ کاری سے متعلق منظوریوں اور ضروری کارروائیوں کو ہفتوں یا مہینوں کے بجائے چند دنوں میں مکمل کیا جائے تاکہ سرمایہ کاروں کو غیر ضروری مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
وزیر داخلہ کے مطابق سرمایہ کاروں کی دلچسپی بڑھانے اور شفافیت یقینی بنانے کے لیے نیلامی کے عمل میں متعلقہ فریقوں کو بھی شامل کیا جائے گا۔
انہوں نے توقع ظاہر کی کہ سعودی عرب سے بھی بڑے سرمایہ کار پاکستان آئیں گے اور اس منصوبے میں دلچسپی لیں گے، جس سے ملک میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
محسن نقوی نے اسلام آباد میں جدید رہائشی اور تجارتی منصوبوں کے ساتھ تفریحی سہولتوں میں اضافے کے اقدامات کا بھی اعلان کیا۔
انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد کے سفاری پارک کو مزید بہتر بنانے کا منصوبہ زیر غور ہے، جس کے تحت جانوروں کی تعداد بڑھانے اور شہریوں کے لیے نئی تفریحی سہولتیں فراہم کرنے پر کام کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان میں رہائشی منصوبوں کے علاوہ تفریحی سرگرمیوں کے شعبے میں بھی سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
انہوں نے سعودی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں رئیل اسٹیٹ، رہائشی، تجارتی اور تفریحی منصوبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے مکمل حکومتی تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ حکومت سرمایہ کاری کے عمل کو آسان، تیز رفتار اور شفاف بنانے کے لیے اقدامات کررہی ہے تاکہ ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کار اعتماد کے ساتھ پاکستان میں نئے منصوبے شروع کرسکیں۔