یوٹیوب میں بڑی تبدیلیاں، صارفین اپنی پسند کی ویڈیوز کے لیے الگ فیڈ بنا سکیں گے
ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب نے اینڈرائیڈ اور آئی او ایس صارفین کے لیے متعدد نئی تبدیلیوں کا اعلان کردیا ہے، جن کے تحت ایپ کے ہوم پیج اور نیویگیشن کا ڈیزائن تبدیل کیا جائے گا، جبکہ صارفین اپنی دلچسپی کے موضوعات پر الگ کسٹم ویڈیو فیڈز بھی بنا سکیں گے۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹ 9 ٹو 5 گوگل کی رپورٹ کے مطابق یوٹیوب کی نئی اپ ڈیٹ میں ایپ کی ٹاپ بار کو نئے انداز میں پیش کیا جارہا ہے، جبکہ سبسکرپشنز تک رسائی اور پسندیدہ ویڈیوز تلاش کرنے کے طریقے میں بھی تبدیلیاں کی جارہی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق یوٹیوب سبسکرپشنز کے ٹیب کو سکرین کے نچلے حصے سے ہٹا کر اوپر ٹاپ بار میں منتقل کررہا ہے، جہاں ہوم بٹن کے ساتھ سبسکرپشنز کا الگ بٹن بھی موجود ہوگا۔
اس نئے بٹن کے نیچے سرخ لکیر دکھائی دے گی تاکہ صارفین اسے آسانی سے شناخت کرسکیں۔
اس کے علاوہ ٹاپ بار میں لائیو میوزک اور موویز اینڈ ٹی وی جیسی نئی فیڈز بھی شامل کی جائیں گی، جن کے ذریعے صارفین اپنی دلچسپی کے مطابق ویڈیوز تک براہ راست رسائی حاصل کرسکیں گے۔
یوٹیوب کی نئی اپ ڈیٹ کا سب سے اہم فیچر پلس (+) بٹن ہے، جس کی مدد سے صارفین اپنی مرضی کی کسٹم فیڈ تیار کرسکیں گے۔
اس سہولت کے تحت صارف کسی مخصوص موضوع کا انتخاب کرکے اس کے لیے الگ ویڈیو فیڈ بنا سکے گا، جس میں اسی موضوع سے متعلق ویڈیوز دکھائی جائیں گی۔
یوں صارفین کو اپنی پسند کے موضوعات پر نئی ویڈیوز دیکھنے کے لیے بار بار سرچ کرنے کی ضرورت کم ہوجائے گی۔
رپورٹ کے مطابق یوٹیوب مفت استعمال کرنے والے صارفین زیادہ سے زیادہ 3 فعال کسٹم فیڈز محفوظ کرسکیں گے۔
دوسری جانب یوٹیوب پریمیم کے صارفین کو 8 کسٹم فیڈز محفوظ کرنے کی سہولت فراہم کی جائے گی، جس سے وہ مختلف موضوعات کے لیے مزید الگ فیڈز ترتیب دے سکیں گے۔
ابتدائی طور پر کسٹم فیڈز کا نیا فیچر امریکا میں صارفین کے لیے متعارف کرایا جارہا ہے، جبکہ بعد میں اسے دیگر ممالک میں بھی پیش کیے جانے کا امکان ہے۔
یوٹیوب کے ان اقدامات کا مقصد صارفین کے لیے ہوم پیج کو زیادہ مؤثر بنانا، پسندیدہ مواد کی تلاش آسان کرنا اور ہر صارف کو اپنی دلچسپی کے مطابق ویڈیوز دیکھنے کی بہتر سہولت فراہم کرنا ہے۔