Pakistan

کوئی شخص ریاست سے بڑا نہیں، خیبرپختونخوا میں امن کے لیے ہر حد تک جائیں گے، حذیفہ رحمان

کوئی شخص ریاست سے بڑا نہیں، خیبرپختونخوا میں امن کے لیے ہر حد تک جائیں گے، حذیفہ رحمان
۱ منٹ پہلے

وزیر مملکت حذیفہ رحمان نے کہا ہے کہ کوئی بھی شخص ریاست سے بڑا نہیں اور خیبرپختونخوا میں امن قائم کرنے کے لیے ہر حد تک جائیں گے۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف سیکیورٹی فورسز اور پولیس کی کارروائیوں کی مکمل حمایت کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی مقاصد کے لیے شہدا کی قربانیوں اور انسداد دہشت گردی کی کوششوں کو متنازع بنانا افسوسناک ہے۔ 

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حذیفہ رحمان نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں امن و امان کی بحالی اور دہشت گردی کا مکمل خاتمہ قومی ترجیح ہے، جس کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔ 

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خیبرپختونخوا کے عوام، صوبائی پولیس اور پاک فوج نے بے شمار قربانیاں دی ہیں اور ان تینوں نے دہشت گردی کے سب سے زیادہ نقصانات برداشت کیے ہیں۔ 

وزیر مملکت کے مطابق صوبائی پولیس کے متعدد اہلکاروں نے فرائض کی انجام دہی کے دوران اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے، جبکہ سیکیورٹی فورسز مسلسل دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں کررہی ہیں۔ 

حذیفہ رحمان نے کہا کہ مئی 2025 میں بھارت کے خلاف پاکستان کی کامیابی کے بعد مخالف قوتیں پراکسی عناصر کے ذریعے ملک کو نقصان پہنچانے کی کوشش کررہی ہیں۔ 

انہوں نے الزام عائد کیا کہ بھارتی خفیہ ایجنسی را کی مالی معاونت سے خیبرپختونخوا میں سرگرم دہشت گرد عناصر پاکستان کو کمزور کرنے اور جھکانے کی کوشش کررہے ہیں، تاہم پاکستان ان کے عزائم کامیاب نہیں ہونے دے گا۔ 

وزیر مملکت نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں دہشت گردی کے خلاف اقدامات جاری ہیں اور انہیں وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی کابینہ کی مکمل حمایت حاصل ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے 26 کروڑ عوام بھی خیبرپختونخوا میں امن چاہتے ہیں اور اس مقصد کے حصول کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ 

حذیفہ رحمان کا کہنا تھا کہ ہر سیاستدان کی اپنی عزت اور اہمیت ہے، لیکن پاکستان اور ریاست کے مفادات سب سے مقدم ہیں۔ 

انہوں نے شہدا کی قربانیوں پر سوال اٹھانے اور دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں کو معدنی وسائل کے حصول سے جوڑنے پر افسوس کا اظہار کیا۔ 

وزیر مملکت نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز اور پولیس خیبرپختونخوا میں امن قائم کرنے کے لیے جدوجہد کررہی ہیں، اس لیے سیاسی مفادات کی خاطر ان کوششوں پر بے بنیاد تنقید سے گریز کیا جانا چاہیے۔ 

انہوں نے ایک بار پھر واضح کیا کہ ریاست سے بڑھ کر کوئی فرد نہیں اور خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے خاتمے اور پائیدار امن کی بحالی کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں