Pakistan

وزیر خزانہ اورنگزیب کی عالمی بینک وفد سے ملاقات، معاشی اصلاحات اور سرمایہ کاری پر گفتگو

وزیر خزانہ اورنگزیب کی عالمی بینک وفد سے ملاقات، معاشی اصلاحات اور سرمایہ کاری پر گفتگو
۱ منٹ پہلے

وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے عالمی بینک کے وفد سے ملاقات کی، جس میں پاکستان کی معاشی صورتحال، اقتصادی استحکام، ساختی اصلاحات، سرمایہ کاری میں اضافے اور برآمدات پر مبنی پائیدار معاشی ترقی سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ عالمی بینک کے وفد نے پاکستان میں معاشی استحکام کی بحالی اور علاقائی بحران سے نمٹنے کے لیے حکومتی اقدامات کو سراہا۔ 

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ملاقات میں عالمی بینک کے اعلیٰ عہدیدار سندیپ مہاجن نے پاکستان میں معاشی استحکام کی بحالی پر وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کو مبارک باد دی۔ 

عالمی بینک کے وفد نے خطے میں پیدا ہونے والے بحران اور اس سے متعلق معاشی چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے حکومت پاکستان کے اقدامات کی بھی تعریف کی۔ 

اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ پاکستان نے 3 ارب ڈالر کے یورو بانڈز جاری کرکے بین الاقوامی سرمایہ منڈیوں تک دوبارہ رسائی حاصل کرلی ہے۔ 

اس موقع پر وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح اب تک حاصل ہونے والے معاشی استحکام کو سرمایہ کاری اور برآمدات پر مبنی پائیدار اقتصادی ترقی میں تبدیل کرنا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ ملک میں سرمایہ کاری بڑھانے اور پیداواری صلاحیت بہتر بنانے کے لیے ایسا پالیسی ماحول فراہم کرنا ضروری ہے جس میں سرمایہ کار مستقبل کے حکومتی فیصلوں اور معاشی پالیسیوں کے حوالے سے اعتماد کے ساتھ منصوبہ بندی کرسکیں۔ 

محمد اورنگزیب نے معاشی اصلاحات پر مستقل عمل درآمد کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سرمایہ کاری کے فروغ اور معاشی ترقی کے تسلسل کے لیے پالیسیوں میں استحکام ناگزیر ہے۔ 

ملاقات میں سرمایہ کاروں کا اعتماد مزید مضبوط بنانے اور پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ 

وزارت خزانہ کے مطابق فریقین نے نجکاری کے عمل کو آگے بڑھانے، ضابطہ جاتی اصلاحات متعارف کرانے اور بنیادی ڈھانچے کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے سرمایہ کاری میں اضافے کے امکانات کا جائزہ لیا۔ 

مذاکرات میں معاشی استحکام برقرار رکھنے کے ساتھ نجی شعبے کی شمولیت بڑھانے اور طویل مدتی ترقی کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔ 

ملاقات کے اختتام پر پاکستان اور عالمی بینک نے اقتصادی استحکام برقرار رکھنے، ساختی اصلاحات جاری رکھنے اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے باہمی تعاون کو مزید آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ 

دونوں جانب سے پائیدار معاشی ترقی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں