Pakistan

حکومت کا 2027 کے لیے گندم کی مجوزہ قیمت 4500 روپے فی من مقرر کرنے کا اعلان

حکومت کا 2027 کے لیے گندم کی مجوزہ قیمت 4500 روپے فی من مقرر کرنے کا اعلان
۱ منٹ پہلے

وزیراعظم شہباز شریف نے کسانوں کو بڑھتی پیداواری لاگت اور مہنگائی سے ریلیف فراہم کرنے کے لیے سال 2027 میں گندم کی مجوزہ قیمت 4500 روپے فی من مقرر کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

 

 گزشتہ سال گندم کی قیمت 3500 روپے فی من تھی، جس کے مقابلے میں نئی مجوزہ قیمت میں ایک ہزار روپے فی من اضافہ کیا گیا ہے۔ 

وزیراعظم ہاؤس سے جاری اعلامیے کے مطابق گندم کی مجوزہ قیمت بڑھانے کا مقصد کسانوں کو زرعی اخراجات، پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں اور مہنگائی کے اثرات سے مالی سہولت فراہم کرنا ہے۔ 

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ گندم کی قیمت میں اضافے کا ایک اہم مقصد کسانوں کو زیادہ سے زیادہ گندم کاشت کرنے کی ترغیب دینا بھی ہے تاکہ ملک میں مقامی پیداوار بڑھائی جاسکے۔ 

انہوں نے امید ظاہر کی کہ نئی مجوزہ قیمت سے کاشت کاروں کو اپنی پیداواری لاگت پوری کرنے اور مناسب منافع حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔ 

شہباز شریف نے کہا کہ گزشتہ چند برسوں میں کسانوں کو مہنگائی اور زرعی ضروریات پر آنے والے اخراجات میں اضافے کے باعث شدید مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ 

وزیراعظم کے مطابق گزشتہ دو برسوں کے دوران پاکستان کو گندم درآمد بھی کرنا پڑی، جس سے ملکی سطح پر گندم کی پیداوار بڑھانے اور غذائی تحفظ کو مضبوط بنانے کی ضرورت مزید واضح ہوئی۔ 

انہوں نے کہا کہ گندم کی مجوزہ قیمت میں اضافہ ملکی غذائی تحفظ یقینی بنانے، مقامی کاشت کی حوصلہ افزائی کرنے اور زرعی شعبے میں استحکام لانے کے لیے ایک اہم قدم ثابت ہوگا۔ 

وزیراعظم نے اس فیصلے سے متعلق مشاورتی عمل میں تعاون اور قابل قدر تجاویز پیش کرنے پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور ان کے کردار کو سراہا۔ 

شہباز شریف نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی جانب سے مشاورت میں تعاون پر بھی اظہار تشکر کیا۔ 

حکومت کے مطابق گندم کی نئی مجوزہ قیمت سے کسانوں پر مالی دباؤ کم کرنے، گندم کی کاشت میں اضافہ کرنے اور ملک کو غذائی ضروریات پوری کرنے کے لیے مقامی پیداوار پر زیادہ انحصار کرنے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں