بشریٰ بی بی، اسد قیصر سمیت 9 پی ٹی آئی رہنماؤں کی ضمانتیں خارج
اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے احتجاج سے متعلق مقدمات میں بشریٰ بی بی، اسد قیصر اور دیگر پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنماؤں کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستیں عدم حاضری پر خارج کردیں، جبکہ عدالت میں پیش ہونے والے پی ٹی آئی کارکنوں کی ضمانتوں میں 11 فروری تک توسیع کردی گئی۔
انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے احتجاجی مقدمات میں پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں کی مجموعی طور پر 250 ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی۔
عدالت نے عدم حاضری پر بشریٰ بی بی، جنید اکبر، لطیف کھوسہ، نعیم پنجوتھا، اسد قیصر، علی زمان، ایمان وسیم، عاطف خان اور فضل محمد کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستیں خارج کردیں۔
سماعت کے دوران پی ٹی آئی رہنما رؤف حسن اور شہریار آفریدی انسدادِ دہشت گردی عدالت میں پیش ہوئے اور اپنی حاضری لگوائی۔
جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے عدالت میں پیش ہونے والے پی ٹی آئی کارکنوں کی ضمانت قبل از گرفتاری میں 11 فروری تک توسیع کا حکم دیا، جبکہ غیر حاضر رہنماؤں کی درخواستیں خارج کردیں۔