Breaking News

پنجاب سیف سٹی اتھارٹی نے امریکا میں جدید پولیسنگ کا عالمی ایوارڈ جیت لیا

پنجاب سیف سٹی اتھارٹی نے امریکا میں جدید پولیسنگ کا عالمی ایوارڈ جیت لیا
۱ منٹ پہلے

پنجاب سیف سٹی اتھارٹی نے امریکا میں انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف چیفس آف پولیس (آئی اے سی پی) کا عالمی ایوارڈ حاصل کرلیا۔ اتھارٹی کو گاڑیوں کی چوری اور دیگر جرائم کی روک تھام کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال پر اس اعزاز سے نوازا گیا۔ 

پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق منیجنگ ڈائریکٹر محمد احسن یونس نے امریکی ریاست فلوریڈا میں منعقدہ عالمی پولیس کانفرنس کے دوران ایوارڈ وصول کیا۔ 

ترجمان نے بتایا کہ گاڑیوں کی چوری روکنے، جرائم کی روک تھام اور شہریوں کے تحفظ کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کی خدمات کو عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ سیف سٹی اتھارٹی کے جدید حفاظتی نظام اور ڈیجیٹل نگرانی کے طریقہ کار کو بین الاقوامی سطح پر پذیرائی مل رہی ہے۔ 

منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب سیف سٹی اتھارٹی محمد احسن یونس نے اس کامیابی پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ جرائم کی روک تھام اور شہریوں کے تحفظ کے لیے عالمی معیار کی خدمات فراہم کررہا ہے۔ 

محمد احسن یونس کا کہنا تھا کہ اس عالمی اعزاز سے پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر ہوا ہے اور جدید ٹیکنالوجی پر مبنی پولیسنگ کے شعبے میں پنجاب کی نمایاں شناخت قائم ہوئی ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں