اداکار عمران خان نے بمبئی ہائی کورٹ سے غیر مشروط معافی مانگ لی
بالی ووڈ اداکار عمران خان نے بھارت کے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے خلاف احتجاج میں مبینہ شرکت کے معاملے پر بمبئی ہائی کورٹ میں غیر مشروط معافی نامہ جمع کرا دیا، جبکہ اداکار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ان کا احتجاج میں حصہ لینے کا کوئی ارادہ نہیں تھا اور وہ صرف وہاں کی صورت حال دیکھنے گئے تھے۔
عدالت میں جمع کرائے گئے حلف نامے میں عمران خان نے وضاحت کی کہ وہ احتجاجی مقام پر محض یہ جاننے کے لیے گئے تھے کہ وہاں کیا ہو رہا ہے، ان کا مظاہرے میں شریک ہونے کا کوئی ارادہ نہیں تھا۔
اداکار نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ انہوں نے نہ تو احتجاج کے دوران کوئی مطالبہ کیا اور نہ ہی کسی احتجاجی تحریک کا حصہ بننے کا ارادہ رکھتے تھے۔
عمران خان نے حلف نامے میں بھارت اور اس کے آئین سے اپنی وابستگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے ملک اور اس کے آئین سے بے حد محبت کرتے ہیں اور دونوں کا احترام کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اپنی 42 سالہ زندگی میں سے 40 سال بھارت میں گزارے ہیں اور اس پورے عرصے میں ہمیشہ ملکی قوانین کی پاسداری کی ہے۔
اداکار کی قانونی ٹیم نے بمبئی ہائی کورٹ میں ان کے دستخط شدہ غیر مشروط معافی نامے کے ساتھ یہ یقین دہانی بھی جمع کرائی کہ وہ آئندہ کسی احتجاج میں شرکت نہیں کریں گے۔
عمران خان نے عدالت کو یقین دلایا کہ وہ مستقبل میں کسی بھی احتجاجی مظاہرے کا حصہ نہیں بنیں گے اور نہ ہی براہِ راست یا بالواسطہ کسی دوسرے شخص کو ایسے مظاہروں میں شرکت کے لیے اکسانے، متاثر کرنے یا آمادہ کرنے کی کوشش کریں گے۔
اداکار نے اپنے مؤقف میں مزید کہا کہ انہوں نے ہمیشہ ملکی قوانین کا احترام کیا ہے اور اپنے پیشہ ورانہ کام، ٹیکسوں کی ادائیگی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے ذریعے ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔
عمران خان کے مطابق ان کی زندگی، پیشہ ورانہ وابستگیاں اور ذاتی تعلقات سب بھارت سے جڑے ہوئے ہیں۔