ورلڈ کپ میں ایک میچ کھیلا،ایک گیند کھیلی،لیکن ہر ناکامی کا ملبہ مجھ پر ڈالا گیا،اعظم خان
پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر اعظم خان نے 2024 کے ٹی 20 ورلڈ کپ میں ٹیم کی ناقص کارکردگی اور اپنی فٹنس پر ہونے والی تنقید کا جواب دیتے ہوئے سوال اٹھایا ہے کہ صرف ایک میچ کھیلنے اور ایک گیند کا سامنا کرنے والے کھلاڑی کو پورے ٹورنامنٹ کی ناکامی کا ذمہ دار کیسے ٹھہرایا جاسکتا ہے؟
ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے اعظم خان نے کہا کہ ورلڈ کپ میں پاکستان کی ہر ناکامی کا ملبہ ان پر ڈالنا ناانصافی تھی، کیونکہ انہیں صرف ایک میچ میں کھیلنے کا موقع ملا۔
فٹنس پر تنقید کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سب سے فٹ سمجھے جانے والے کھلاڑی بھی بھارت کے خلاف 120 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہے، اس کے باوجود تنقید کا مرکز انہیں بنایا گیا۔
اعظم خان نے ٹورنامنٹ میں صرف امریکا کے خلاف پاکستان کا افتتاحی میچ کھیلا، جس میں وہ پہلی ہی گیند پر بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے تھے۔ انہیں بھارت کے خلاف اگلے میچ میں ٹیم سے ڈراپ کردیا گیا اور اس کے بعد وہ کسی میچ میں شریک نہیں ہوئے۔
اعظم خان کا مؤقف ہے کہ ایک کھلاڑی کو پوری ٹیم کی ناکامی کا ذمہ دار قرار دینے کے بجائے پاکستان کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا جانا چاہیے۔