برازیل میں فٹبال میچ کے دوران ہنگامہ آرائی، 51 ریڈ کارڈ دکھانے کا نیا عالمی ریکارڈ قائم
برازیل میں انڈر 20 فٹبال میچ کے دوران شدید ہنگامہ آرائی کے نتیجے میں مجموعی طور پر 51 ریڈ کارڈز دکھائے گئے، جسے فٹبال کی تاریخ کا نیا عالمی ریکارڈ قرار دیا جارہا ہے۔
یہ واقعہ ریاست میناس گیریس کی انڈر 20 چیمپئن شپ کے سیمی فائنل کے پہلے مرحلے میں اوبرلینڈیا اور مامورے کی ٹیموں کے درمیان پیش آیا، جہاں 43 کھلاڑیوں اور دونوں ٹیموں کے کوچنگ سٹاف کے 8 ارکان کو میدان بدر کیا گیا۔
میچ ریفری کی رپورٹ کے مطابق دوسرے ہاف میں مامورے کے کھلاڑی ڈیوڈ نے گول کرنے کے بعد مخالف ٹیم کے بینچ کی جانب اشارے کیے، جس پر اوبرلینڈیا کے گول کیپنگ کوچ پاؤلو سرجیو ڈیاس ڈوس سانتوس میدان میں آگئے۔
اس کے بعد دونوں ٹیموں کے کھلاڑی آپس میں الجھ پڑے اور معاملہ بڑے تصادم میں تبدیل ہوگیا۔ ہنگامہ آرائی شروع ہونے سے پہلے بھی تین کھلاڑیوں کو ریڈ کارڈز دکھائے جاچکے تھے۔
تصادم کے دوران سٹیڈیم میں توڑ پھوڑ بھی ہوئی، جس کے باعث پولیس کو طلب کرنا پڑا۔ میچ تقریباً 40 منٹ تک رکا رہا، جس کے بعد ریفری نے اسے ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔
اس سے قبل 2011 میں ارجنٹائن میں ہونے والے ایک فٹبال میچ کے دوران 36 ریڈ کارڈز دکھائے گئے تھے، جبکہ برازیل کے اس میچ میں یہ تعداد 51 تک پہنچ گئی۔
واقعے کے بعد اوبرلینڈیا نے سیمی فائنل کے دوسرے مرحلے کا میچ کھیلنے سے دستبرداری اختیار کرلی۔ کلب نے اپنے فیصلے کو فیئر پلے کا مظاہرہ قرار دیا، جس کے نتیجے میں مامورے کو فائنل میں رسائی مل گئی۔