Business

ایل پی جی نیلامی کا نیا نظام متعارف کرانے کی تیاری، کمپنیوں کیلئےروزانہ 20 ٹن کی حد مقرر

ایل پی جی نیلامی کا نیا نظام متعارف کرانے کی تیاری، کمپنیوں کیلئےروزانہ 20 ٹن کی حد مقرر
۳ گھنٹے پہلے

وفاقی حکومت نے ایل پی جی کی منصفانہ تقسیم، قیمتوں میں شفافیت اور سپلائی چین کو مستحکم بنانے کے لیے نیلامی کا نیا نظام متعارف کرانے کی تیاری شروع کردی ہے، جس کے تحت ہر کمپنی کو روزانہ زیادہ سے زیادہ 20 میٹرک ٹن ایل پی جی خریدنے کی اجازت ہوگی۔ 

ایل پی جی کی شفاف نیلامی کے لیے قائم کمیٹی کا پہلا اجلاس سیکرٹری پٹرولیم کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں نئے نیلامی نظام اور ایل پی جی کی تقسیم سے متعلق اہم امور کا جائزہ لیا گیا۔ 

اجلاس کے دوران سیکرٹری پٹرولیم نے کہا کہ ایل پی جی کی دستیابی اور غیر منصفانہ قیمتوں سے متعلق عوامی تحفظات دور کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ 

وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ ایل پی جی کی نیلامی کا نیا نظام گیس کی منصفانہ تقسیم، سپلائی چین کے استحکام اور ملک کے توانائی تحفظ کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔ 

نئے فریم ورک کے تحت ایل پی جی پیدا کرنے والے ادارے اپنی مجموعی پیداوار کا 10 فیصد سرکاری مارکیٹنگ کمپنیوں کے لیے مختص کریں گے۔ 

بقیہ 90 فیصد مقامی ایل پی جی میڈیا کے نمائندوں کی موجودگی میں شفاف نیلامی کے ذریعے فروخت کی جائے گی۔ 

حکومت نے نیلامی میں شریک کمپنیوں کے لیے یومیہ خریداری کی زیادہ سے زیادہ حد بھی مقرر کردی ہے۔ 

نئے نظام کے مطابق ہر کمپنی ایک دن میں زیادہ سے زیادہ 20 میٹرک ٹن ایل پی جی حاصل کرسکے گی۔ 

حکام کے مطابق ایل پی جی کی یومیہ پیداوار کی باقاعدہ نگرانی کی جائے گی تاکہ گیس کی دستیابی اور تقسیم سے متعلق اعداد و شمار مرتب کیے جاسکیں۔ 

ایل پی جی کی پیداوار اور تقسیم سے متعلق اعداد و شمار وزیراعظم شہباز شریف کو پیش کیے جائیں گے۔ 

حکومت نے واضح کیا ہے کہ نیلامی کے عمل میں تمام اہل کمپنیوں کو مساوی مواقع فراہم کیے جائیں گے تاکہ کسی بھی کمپنی کو غیر منصفانہ فائدہ نہ پہنچ سکے۔ 

وزارت پٹرولیم کے مطابق نئے نظام کا بنیادی مقصد ایل پی جی کی تقسیم میں شفافیت لانا، سپلائی چین کو مستحکم بنانا اور صارفین کو مناسب قیمتوں پر گیس کی بہتر فراہمی یقینی بنانا ہے۔ 

حکام کا کہنا ہے کہ شفاف نیلامی کے ذریعے مقامی سطح پر پیدا ہونے والی ایل پی جی کی تقسیم کو زیادہ منظم اور قابل نگرانی بنایا جاسکے گا۔ 

واضح رہے کہ وفاقی کابینہ نے 4 نومبر 2026 کو ایل پی جی کی نیلامی کے نئے فریم ورک کی منظوری دی تھی، جس کے بعد اس پر عمل درآمد کے لیے اقدامات شروع کردیے گئے ہیں۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں