Business

پاکستان میں سمندر سے تیل و گیس کی تلاش، ترک جہاز 20 نومبر تک کراچی پہنچے گا

پاکستان میں سمندر سے تیل و گیس کی تلاش، ترک جہاز 20 نومبر تک کراچی پہنچے گا
۱ منٹ پہلے

پاکستان میں 20 سال کے طویل وقفے کے بعد سمندر میں تیل اور گیس کی تلاش کی سرگرمیاں دوبارہ شروع ہونے جارہی ہیں، جبکہ ترک پیٹرولیم کمپنی کا سیسمک سروے جہاز 17 سے 20 نومبر کے درمیان کراچی پہنچنے کی توقع ہے۔ 

اس حوالے سے جاری سرکاری اعلامیے کے مطابق ترک پیٹرولیم کا خصوصی جہاز پاکستان کے سمندری علاقوں میں تیل اور گیس کے ممکنہ ذخائر کی تلاش کے منصوبے میں معاونت فراہم کرے گا۔ 

وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کی زیر صدارت ترک سیسمک سروے جہاز کی آمد کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا۔ 

اجلاس میں جہاز کی کراچی آمد، سیکیورٹی، سمندری رابطہ کاری اور آپریشنل انتظامات سمیت مختلف امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔ 

وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے عندیہ دیا کہ وہ ترک جہاز کی کراچی آمد پر خود اس کا استقبال کریں گے۔ 

انہوں نے اس پیش رفت کو پاکستان اور ترکیہ کی دیرینہ دوستی اور مکہ معاہدے کے بعد دوطرفہ تعاون کا ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔ 

علی پرویز ملک نے کہا کہ پاکستان سمندر میں تیل اور گیس کی تلاش کے منصوبے میں ترکیہ کو ہر ممکن معاونت فراہم کرے گا۔ 

انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور ترکیہ مشترکہ کوششوں سے ایسی تاریخی کامیابی حاصل کریں گے جسے آنے والی نسلیں بھی یاد رکھیں گی۔ 

دوسری جانب ترک پیٹرولیم کے پروجیکٹ منیجر نے منصوبے کی تیاریوں اور انتظامات میں پاکستانی حکام کے بھرپور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ 

ترک سیسمک سروے جہاز کی متوقع آمد پاکستان میں سمندری تیل و گیس کی تلاش کی سرگرمیوں کی بحالی کی جانب اہم پیش رفت ہے، تاہم تجارتی بنیادوں پر قابل استعمال ذخائر کی دریافت ہونا ابھی باقی ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں