Business

ملکی تاریخ میں پہلی بار وفاق نے صوبوں کے این ایف سی حصے سے 35 ارب کاٹ لیے

ملکی تاریخ میں پہلی بار وفاق نے صوبوں کے این ایف سی حصے سے  35 ارب  کاٹ لیے
۲ گھنٹے پہلے

اسلام آباد: ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ وفاقی حکومت نے آئین پاکستان 1973 کے آرٹیکل 164 کے تحت چاروں صوبوں کے قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) کے حصے سے گرانٹ کی مد میں تقریباً 35 ارب روپے کاٹ لیے ہیں۔

 

وزارت خزانہ کے اعلیٰ حکام نے نجی اخبار کو تصدیق کی ہے کہ وفاقی حکومت نے رواں مالی سال کے ابتدائی 2 ماہ کے دوران چاروں صوبوں سے مجموعی طور پر 34 ارب 83 کروڑ 90 لاکھ روپے بطور گرانٹ وصول کیے ہیں۔

 

حکام کے مطابق صوبوں سے حاصل کی گئی اس رقم کو وفاقی حکومت کی آمدن میں نان ٹیکس ریونیو (این ٹی آر) کے طور پر ظاہر کیا گیا ہے۔

 

یہ پیش رفت وفاق اور چاروں صوبوں کے درمیان مالی سال 27-2026 کے وفاقی بجٹ کی پیشکش سے قبل طے پانے والے معاہدے کے بعد سامنے آئی ہے۔

 

معاہدے کے تحت چاروں صوبوں نے اتفاق کیا تھا کہ وہ مالی سال 27-2026 کے دوران اپنے این ایف سی حصے سے وفاقی حکومت کو مجموعی طور پر 1035 ارب روپے کی گرانٹ فراہم کریں گے۔

 

اس گرانٹ کی فراہمی کا مقصد عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے 7 ارب ڈالر کے پروگرام کے تحت وفاقی حکومت کو اپنی مالی ذمہ داریاں پوری کرنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔

 

وفاق اور صوبوں کے درمیان طے پانے والے اس انتظام کے تحت صوبائی حکومتوں کی جانب سے فراہم کی جانے والی گرانٹس کو وفاقی مالیاتی ذمہ داریوں کی تکمیل سے منسلک کیا گیا ہے۔

 

وزارت خزانہ کے حکام کے مطابق معاہدے پر عمل درآمد کے سلسلے میں رواں مالی سال کے پہلے 2 ماہ کے دوران 34 ارب 83 کروڑ 90 لاکھ روپے وصول کیے جاچکے ہیں اور اس رقم کو نان ٹیکس ریونیو میں شامل کیا گیا ہے۔

 

  یہ ملکی تاریخ میں پہلا موقع ہے جب وفاقی حکومت نے آئین کے آرٹیکل 164 کے تحت چاروں صوبوں کے این ایف سی حصے سے اس نوعیت کی گرانٹ وصول کی ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں