Business

نئے ٹیکس دہندگان کے لیے 25 ہزار روپے سرچارج ختم، جائیداد خریدنے پر 6 ماہ کی پابندی

نئے ٹیکس دہندگان کے لیے 25 ہزار روپے سرچارج ختم، جائیداد خریدنے پر 6 ماہ کی پابندی
۱ منٹ پہلے

اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے نئے ٹیکس دہندگان کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے 25 ہزار روپے کے سرچارج سے مشروط چھوٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت اہل افراد اضافی فیس ادا کیے بغیر ایکٹو ٹیکس پیئر لسٹ (اے ٹی ایل) میں شامل ہوسکیں گے۔

 

ایف بی آر کے مطابق اس سہولت سے فائدہ اٹھانے والے ٹیکس دہندگان کو آئندہ 6 ماہ تک کوئی جائیداد نہ خریدنے یا حاصل کرنے کی شرط پوری کرنا ہوگی۔

 

ادارے نے واضح کیا ہے کہ سرچارج سے چھوٹ حاصل کرنے کے خواہشمند افراد کو باقاعدہ انڈرٹیکنگ جمع کرانا ہوگی، جس میں وہ مقررہ مدت کے دوران جائیداد کی خریداری یا حصول سے گریز کرنے کی یقین دہانی کرائیں گے۔

 

اس مقصد کے لیے ایف بی آر نے نیا فارم اے ٹی ایل یو (ATL-U) متعارف کرا دیا ہے، جس کے ذریعے ٹیکس دہندگان سرچارج سے چھوٹ حاصل کرنے کے لیے درخواست دے سکیں گے۔

 

ایف بی آر کے مطابق انڈرٹیکنگ جمع کرانے کا عمل الیکٹرانک ہوگا اور ٹیکس دہندگان ادارے کے آئی آر آئی ایس (IRIS) سسٹم کے ذریعے مطلوبہ فارم جمع کراسکیں گے۔

 

نئے طریقہ کار کے تحت مقررہ شرائط پوری کرنے والے ٹیکس دہندگان کو 25 ہزار روپے کا اضافی سرچارج ادا کیے بغیر ایکٹو ٹیکس پیئر لسٹ میں شامل ہونے کی اجازت ہوگی۔

 

تاہم اس سہولت کے ساتھ ایک اہم شرط عائد کی گئی ہے، جس کے مطابق انڈرٹیکنگ جمع کرانے کے بعد ٹیکس دہندہ 6 ماہ تک کوئی جائیداد خرید یا حاصل نہیں کرسکے گا۔

 

ایف بی آر نے بتایا ہے کہ اس مدت کے دوران سرچارج سے چھوٹ حاصل کرنے والے افراد کی جائیداد سے متعلق خریداریوں کی نگرانی بھی کی جائے گی تاکہ مقررہ شرائط پر عمل درآمد یقینی بنایا جاسکے۔

 

ٹیکس حکام کے مطابق اگر کوئی ٹیکس دہندہ 6 ماہ کی مقررہ مدت کے دوران جائیداد خریدتا یا حاصل کرتا ہے تو اسے دی گئی 25 ہزار روپے کے سرچارج کی چھوٹ ختم کردی جائے گی۔

 

ایف بی آر کے اس اقدام سے نئے ٹیکس دہندگان کو اضافی سرچارج کی ادائیگی کے بغیر ایکٹو ٹیکس پیئر لسٹ میں شامل ہونے کا موقع ملے گا، تاہم انہیں اس مقصد کے لیے مقررہ انڈرٹیکنگ جمع کرانے اور جائیداد کی خریداری سے متعلق پابندی پر عمل کرنا ہوگا۔

ادارے نے واضح کیا ہے کہ سرچارج سے چھوٹ برقرار رکھنے کے لیے تمام متعلقہ شرائط کی پابندی لازمی ہوگی۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں