وینزویلا کے معزول صدر نکولس مادورو کا امریکی جیل میں قرآنِ مجید اور انجیل کا مطالعہ
نیویارک: وینزویلا کے معزول صدر نکولس مادورو امریکی جیل میں قرآن مجید، انجیل اور دیگر مذہبی کتابوں کا مطالعہ کررہے ہیں، جبکہ ان کے حالات سے واقف افراد کے مطابق انہوں نے قید کے دوران ایک نئے روحانی سفر کا آغاز کیا ہے۔
امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق 63 سالہ نکولس مادورو اس وقت بروکلن کی ایک جیل میں قید ہیں، جہاں وہ اپنا زیادہ تر وقت مختلف مذاہب کی مقدس کتابوں اور مذہبی لٹریچر کے مطالعے میں گزارتے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مادورو جیل میں مذہبی شخصیات سے بھی ملاقاتیں کررہے ہیں اور اب تک ایک عیسائی پادری اور ایک یہودی ربی سے ملاقات کرچکے ہیں۔
ان کے جیل کے حالات سے واقف افراد کا کہنا ہے کہ سابق صدر مختلف مذہبی روایات اور روحانی تعلیمات میں دلچسپی لے رہے ہیں۔
نیویارک ٹائمز کے مطابق نکولس مادورو طویل عرصے سے روحانیت میں دلچسپی رکھتے ہیں اور ماضی میں بھی اپنے مذہبی پس منظر سے متعلق مختلف بیانات دے چکے ہیں۔
مادورو نے ماضی میں عوامی سطح پر دعویٰ کیا تھا کہ ان کے آباؤ اجداد یہودی تھے اور ان کا تعلق ایک سفاردی یہودی خاندان سے تھا۔
ان کے بیان کے مطابق یہ خاندان گزشتہ صدی کے دوران ڈچ اینٹیلیز سے ہجرت کرکے وینزویلا منتقل ہوا تھا۔
تاہم سابق صدر کے قریبی افراد کا کہنا ہے کہ گرفتاری سے پہلے مادورو نے یہودیت میں اتنی گہری دلچسپی ظاہر نہیں کی تھی جتنی اب جیل میں ان کی مذہبی سرگرمیوں سے سامنے آرہی ہے۔
اپنے سیاسی دور میں نکولس مادورو نے وینزویلا کی تیزی سے بڑھتی ہوئی ایوینجلیکل عیسائی برادری کی حمایت اور ووٹ حاصل کرنے کی کوشش بھی کی تھی۔
وہ خود کو عملی طور پر کیتھولک قرار دیتے رہے ہیں اور ایک ایسے عیسائی پادری کے ساتھ قریبی تعلقات رکھتے تھے جو ان کے سوشلسٹ سیاسی نظریات کا حامی تھا۔
رپورٹ کے مطابق نکولس مادورو، ان کی اہلیہ سیلیا فلوریس اور ان کی جانشین ڈیلیسی روڈریگیز بھارتی روحانی گرو ستیہ سائی بابا کے پیروکار بھی رہے ہیں۔
دوسری جانب نکولس مادورو کو امریکا میں سنگین فوجداری الزامات کا سامنا ہے، جن میں بڑی مقدار میں کوکین امریکا سمگل کرنے میں مبینہ سہولت کاری کے الزامات بھی شامل ہیں۔
نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق سابق صدر کے خلاف مقدمے کی سماعت آئندہ سال متوقع ہے۔
ان کی 70 سالہ اہلیہ سیلیا فلوریس کو بھی اسی فرد جرم میں ملزم نامزد کیا گیا ہے۔
تاہم نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کے خلاف عائد الزامات پر عدالتی کارروائی ابھی جاری ہے اور عدالت کی جانب سے حتمی فیصلہ آنا باقی ہے۔