آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگوں سے ٹکرا کر 2 آئل ٹینکرز میں آگ لگ گئی، ایران کا دعویٰ
تہران: ایران کے پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے کی کوشش کے دوران 2 آئل ٹینکرز بحری بارودی سرنگوں سے ٹکرا گئے، جس کے نتیجے میں دونوں بحری جہازوں میں دھماکوں کے بعد آگ لگ گئی۔
پاسداران انقلاب کے مطابق دونوں تیل بردار جہاز امریکی جنگی جہازوں کی مبینہ حفاظت میں آبنائے ہرمز کے ایک غیر مجاز بحری راستے سے گزرنے کی کوشش کر رہے تھے۔
ایرانی پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا کہ دونوں جہازوں نے آبنائے ہرمز میں داخل ہونے سے قبل اپنے جی پی ایس ٹریکنگ سسٹم بند کر رکھے تھے۔
پاسداران کے مطابق غیر مجاز راستے سے گزرنے کے دوران دونوں آئل ٹینکرز بحری بارودی سرنگوں سے ٹکرا گئے، جس کے بعد دھماکے ہوئے اور جہازوں میں آگ بھڑک اٹھی۔
دوسری جانب ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم نے رپورٹ کیا کہ ایرانی بحریہ نے بدھ کی صبح ایک اور تیل بردار جہاز کے ممنوعہ سمندری حدود میں بارودی سرنگ سے ٹکرانے کے بعد آگ لگنے کی اطلاع دی۔
تاہم رپورٹ میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ ایرانی بحریہ کی جانب سے بتایا گیا جہاز پاسداران انقلاب کے ذکر کردہ دونوں آئل ٹینکرز سے الگ تھا یا انہی میں سے کوئی ایک جہاز تھا۔
ایرانی بحریہ کے مطابق اس کی افواج آبنائے ہرمز کے مشرقی حصے کی مسلسل نگرانی کر رہی ہیں اور وہاں بحری نقل و حرکت پر کنٹرول برقرار رکھے ہوئے ہیں۔
ایرانی بحری حکام نے جہاز رانی سے متعلق کمپنیوں اور بحری جہازوں کے منتظمین کو خبردار کیا ہے کہ محفوظ گزرگاہ کے لیے ایرانی مسلح افواج سے رابطہ کرنا ضروری ہے۔
ایرانی بحریہ کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں کو متعلقہ بحری ضوابط کی پابندی اور مقررہ راستوں پر سفر یقینی بنانا ہوگا۔
حکام کے مطابق خطرناک یا غیر مجاز بحری راستوں کے استعمال سے جہازوں کے بارودی سرنگوں سے ٹکرانے کے خدشات بڑھ جاتے ہیں۔
دوسری جانب پاسداران انقلاب کی بحریہ نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کے جنوبی حصے میں موجود ساحلی ریڈار اور بحری جہازوں کی رہنمائی کے نظام تباہ کیے جاچکے ہیں۔
پاسداران انقلاب کی بحریہ نے الزام عائد کیا کہ یہ نظام امریکی فوج کے مبینہ اسمگلنگ نیٹ ورک کے زیر استعمال تھے۔
ایرانی حکام کے مطابق ان ریڈار اور نیویگیشن نظاموں کی تباہی کے بعد تیل بردار جہاز غیر قانونی اور غیر مجاز بحری راستے اختیار کر رہے ہیں۔
پاسداران انقلاب کا مؤقف ہے کہ ایسے راستوں سے گزرنے والے جہاز زیادہ خطرات مول لے رہے ہیں اور بحری بارودی سرنگوں سے ٹکرانے کے واقعات پیش آرہے ہیں۔
ایرانی حکام نے خبردار کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کے خطرناک اور ممنوعہ سمندری علاقوں میں داخل ہونے کی کوشش بحری جہازوں کے لیے سنگین خطرات پیدا کرسکتی ہے۔
آبنائے ہرمز عالمی سطح پر تیل اور توانائی کی ترسیل کے اہم ترین بحری راستوں میں شمار ہوتی ہے، جہاں آئل ٹینکرز کو پیش آنے والے واقعات بین الاقوامی بحری تجارت کے لیے تشویش کا باعث بن سکتے ہیں۔
ایرانی حکام کے جاری کردہ بیانات میں متاثرہ آئل ٹینکرز کے نام، ان کے عملے کی صورتحال، ممکنہ جانی نقصان اور جہازوں کو پہنچنے والے نقصانات کی مکمل تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔
دونوں آئل ٹینکرز کے بارودی سرنگوں سے ٹکرانے، امریکی جنگی جہازوں کی مبینہ حفاظت اور نیویگیشن نظاموں کی تباہی سے متعلق ایرانی دعوؤں کی فراہم کردہ معلومات میں آزادانہ تصدیق موجود نہیں ہے۔