Pakistan

بری امام ہاؤس کی عمارت سرکاری زمین پر غیر قانونی قبضہ ہے، سی ڈی اے

بری امام ہاؤس کی عمارت سرکاری زمین پر غیر قانونی قبضہ ہے، سی ڈی اے
۱ منٹ پہلے

اسلام آباد: کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے بری امام ہاؤس کی عمارت کو سرکاری زمین پر مبینہ غیر قانونی قبضہ قرار دیتے ہوئے اسلام آباد ہائیکورٹ سے جاری حکم امتناع ختم کرنے کی درخواست کردی۔

 

سی ڈی اے نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں متفرق درخواست کے ذریعے اپنا تحریری جواب جمع کرایا ہے، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ بری امام ہاؤس کے نام سے کوئی عمارت ادارے کے سرکاری ریکارڈ میں موجود نہیں۔

 

عدالت میں جمع کرائے گئے جواب کے مطابق اسلام آباد کے علاقے نورپور شاہان کی متعلقہ زمین سی ڈی اے ماضی میں ایکوائر کرچکا ہے اور اس زمین کے اصل مالکان کو معاوضے کی ادائیگی بھی کی جاچکی ہے۔

 

سی ڈی اے نے مؤقف اختیار کیا کہ حضرت بری امام کے دربار کی زمین سرکاری ریکارڈ میں الگ نمبروں کے تحت درج ہے، جبکہ بری امام ہاؤس کے نام سے موجود عمارت کا دربار کی زمین سے کوئی قانونی تعلق نہیں۔

 

ادارے کے مطابق کسی عمارت کو محض بری امام ہاؤس کا نام دینے یا اسے حضرت بری امام کے مزار سے منسلک ظاہر کرنے سے درخواست گزار کو متعلقہ زمین پر ملکیت یا قبضے کا کوئی قانونی حق حاصل نہیں ہوتا۔

 

سی ڈی اے نے اپنے جواب میں کہا کہ محل وقوع اور محکمہ مال کے سرکاری ریکارڈ کے مطابق بری امام ہاؤس اور حضرت بری امام کا دربار دو الگ الگ مقامات پر واقع ہیں۔

 

اتھارٹی کے مطابق دونوں مقامات کی زمین الگ ہے، اس لیے انہیں ایک ہی جائیداد تصور نہیں کیا جاسکتا۔

 

عدالت میں جمع کرائے گئے جواب میں مزید کہا گیا کہ درخواست گزار کے پاس بری امام ہاؤس کی متعلقہ جگہ پر قبضہ رکھنے یا اسے استعمال کرنے کا کوئی قانونی اختیار موجود نہیں۔

 

سی ڈی اے نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے جاری کردہ حکم امتناع پر بھی اعتراض اٹھایا ہے۔

 

اتھارٹی کا مؤقف ہے کہ عدالت نے سی ڈی اے کا جواب حاصل کیے بغیر درخواست گزار کے حق میں حکم امتناع جاری کیا تھا۔

 

سی ڈی اے نے درخواست گزار کی قانونی حیثیت اور اس کی جانب سے دائر درخواست کے قابل سماعت ہونے پر بھی اعتراض کیا ہے۔

 

اتھارٹی نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ مقدمے کو رواں ہفتے جلد سماعت کے لیے مقرر کیا جائے تاکہ سی ڈی اے کا مؤقف سنا جاسکے اور حکم امتناع ختم کرنے کی درخواست پر فیصلہ ہوسکے۔

 

واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے بری امام ہاؤس سے متعلق درخواست گزار کو عبوری حکم امتناع دے رکھا ہے۔

 

سی ڈی اے نے اس حکم امتناع کو ختم کرانے کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا ہے اور مؤقف اختیار کیا ہے کہ متنازع عمارت کا سرکاری ریکارڈ میں کوئی قانونی اندراج موجود نہیں، جبکہ متعلقہ زمین پہلے ہی سرکاری تحویل میں حاصل کی جاچکی ہے۔

 

بری امام ہاؤس کی زمین اور اس پر قبضے کے قانونی جواز سے متعلق معاملہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں زیر سماعت ہے، جہاں سی ڈی اے کے اعتراضات اور حکم امتناع ختم کرنے کی درخواست پر عدالتی کارروائی ہونا باقی ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں