Pakistan

کوہاٹ میں غیر قانونی گولڈ مائننگ کے خلاف آپریشن پر جانے والی پولیس پر حملہ، 10 اہلکار شہید

کوہاٹ میں غیر قانونی گولڈ مائننگ کے خلاف آپریشن پر جانے والی پولیس پر حملہ،   10 اہلکار شہید
۱ منٹ پہلے

کوہاٹ: خیبرپختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں غیر قانونی گولڈ مائننگ کے خلاف کارروائی کے لیے جانے والی پولیس پارٹی پر مسلح افراد کی فائرنگ سے ڈی ایس پی اور سب انسپکٹر سمیت 10 پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔

 

پولیس کے مطابق افسوسناک واقعہ کوہاٹ اور کرک کے درمیان واقع علاقے دربوکچ جلندھر بانڈہ میں پیش آیا، جہاں پولیس کی گاڑیاں غیر قانونی مائننگ کے خلاف آپریشن کے لیے جارہی تھیں۔

 

ترجمان کوہاٹ پولیس نے بتایا کہ گمبٹ کوہاٹ کے علاقے میں کارروائی کے لیے روانہ ہونے والی پولیس پارٹی کو مسلح حملہ آوروں نے فائرنگ کا نشانہ بنایا۔

 

ترجمان کے مطابق ابتدائی طور پر فائرنگ کے واقعے میں 6 پولیس اہلکاروں کی شہادت کی اطلاع سامنے آئی تھی، تاہم بعد میں شہدا کی تعداد بڑھ کر 10 ہوگئی۔

 

پولیس کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق شہید ہونے والے اہلکاروں میں ڈی ایس پی گمبٹ حیدر زمان اور سب انسپکٹر مختیار بھی شامل ہیں۔

 

ترجمان کوہاٹ پولیس نے بتایا کہ حملے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی مزید گاڑیاں جائے وقوعہ کی جانب روانہ کردی گئیں۔

 

پولیس کے مطابق حملہ آوروں کی جانب سے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا، جس کے پیش نظر علاقے میں پولیس کی بھاری نفری طلب کرلی گئی۔

 

ذرائع کا کہنا ہے کہ کوہاٹ پولیس کی ٹیم غیر قانونی سونے کی کان کنی کے خلاف چھاپہ مار کارروائی کے لیے جارہی تھی کہ راستے میں اسے فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا۔

 

ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ حملے کے دوران پولیس کی گاڑیوں کو آگ لگادی گئی۔

 

پولیس پر حملے کے بعد ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی تاکہ واقعے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹا جاسکے۔

 

ترجمان پولیس کے مطابق فائرنگ کے واقعے کے بعد اضافی پولیس نفری کو متاثرہ علاقے کی جانب روانہ کیا گیا، جبکہ پولیس کی مزید گاڑیاں بھی جائے وقوعہ پر پہنچنے کے لیے روانہ ہوئیں۔

 

واقعہ کوہاٹ اور کرک کے درمیان واقع اس علاقے میں پیش آیا جہاں پولیس غیر قانونی گولڈ مائننگ کے خلاف کارروائی کرنے جارہی تھی۔

 

پولیس کے پی آر او نے تصدیق کی کہ شہید اہلکاروں کی تعداد 10 تک پہنچ گئی ہے، جن میں ڈی ایس پی حیدر زمان اور سب انسپکٹر مختیار بھی شامل ہیں۔

 

ابتدائی پولیس اطلاعات میں حملہ آوروں کی شناخت اور ان کی تعداد سے متعلق تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں، تاہم واقعے کے بعد علاقے میں پولیس کی بھاری نفری طلب کرلی گئی۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں