Sports

آسٹریلوی ٹیسٹ کپتان پیٹ کمنز کی اہلیہ سے سڈنی کی سڑک پر مبینہ تلخ کلامی کی ویڈیو وائرل

آسٹریلوی ٹیسٹ کپتان پیٹ کمنز کی اہلیہ سے سڈنی کی سڑک پر مبینہ تلخ کلامی کی ویڈیو وائرل
۱ گھنٹے پہلے

سڈنی: آسٹریلوی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز نے 2018 کے بال ٹیمپرنگ سکینڈل سے متعلق عثمان خواجہ کے حالیہ الزامات پر اپنا مؤقف پیش کرنے کا اعلان کردیا، جبکہ اسی دوران اہلیہ بیکی کے ساتھ سڈنی کی ایک سڑک پر مبینہ تلخ کلامی کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

 

آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ نے اپنی نئی سوانح عمری ’صبر‘ میں دعویٰ کیا ہے کہ 2018 میں جنوبی افریقا کے خلاف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے دوران بال ٹیمپرنگ کے منصوبے سے آسٹریلوی ٹیم کے تمام کھلاڑی آگاہ تھے۔

 

عثمان خواجہ کے ان الزامات کے بعد آسٹریلوی کرکٹ میں ایک مرتبہ پھر بال ٹیمپرنگ سکینڈل پر بحث شروع ہوگئی ہے، جبکہ اس وقت کے واقعات سے متعلق پیٹ کمنز کے مؤقف پر بھی سوالات اٹھائے جارہے ہیں۔

 

آسٹریلوی میڈیا کے مطابق بدھ کو پیٹ کمنز کو اپنی اہلیہ بیکی کے ساتھ سڈنی کی ایک سڑک پر تقریباً 5 منٹ تک گفتگو کرتے دیکھا گیا۔

 

بعض رپورٹس میں اس گفتگو کو مبینہ تلخ بحث قرار دیا گیا، تاہم دونوں کے درمیان ہونے والی گفتگو کی اصل نوعیت اور اس کے پس منظر کی تصدیق نہیں ہوسکی۔

 

اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پیٹ کمنز اور ان کی اہلیہ ایک مرتبہ پھر خبروں کی زینت بن گئے۔

 

بعد ازاں پیٹ کمنز اور بیکی نے اپنی بیٹی ایڈی کے ساتھ ایک مشترکہ تصویر انسٹاگرام سٹوری پر شیئر کی، جس کے ساتھ ’مائی لووز‘ کا پیغام درج تھا۔

 

دوسری جانب پیٹ کمنز نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اعلان کیا کہ وہ جمعے کو صبح ساڑھے 9 بجے کرکٹ سینٹرل میں میڈیا کے سوالات کے جواب دیں گے۔

 

آسٹریلوی ٹیسٹ کپتان کا کہنا تھا کہ انہوں نے عثمان خواجہ کے تمام الزامات کو سمجھنے کے لیے وقت لیا ہے تاکہ وہ اپنا مؤقف واضح انداز میں پیش کرسکیں۔

 

سابق آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک نے بھی پیٹ کمنز پر زور دیا ہے کہ وہ بال ٹیمپرنگ کے معاملے میں حقیقت سامنے لائیں۔

 

عثمان خواجہ کے سابق اوپننگ پارٹنر ڈیوڈ وارنر نے ان کے دعوؤں کی حمایت کرتے ہوئے سوانح عمری میں بیان کردہ باتوں کو درست قرار دیا ہے۔

 

تاہم آسٹریلوی فاسٹ بولر مچل سٹارک نے واضح کیا ہے کہ 2018 کے بال ٹیمپرنگ واقعے سے متعلق ان کے مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔

 

مچل سٹارک نے ایک مرتبہ پھر کہا کہ انہیں کرکٹ بال کی حالت تبدیل کرنے کے لیے سینڈ پیپر استعمال کرنے کے منصوبے کا علم نہیں تھا۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں