Sports

انڈر 19 ایشیا کپ: پاکستان نے بنگلہ دیش کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی

انڈر 19 ایشیا کپ: پاکستان نے بنگلہ دیش کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی
۱ منٹ پہلے

پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے ایشیا کپ کے پہلے سیمی فائنل میں بنگلہ دیش کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

 

پہلے سیمی فائنل میں بنگلہ دیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 31.4 اوورز میں 138 رنز بنائے اور پوری ٹیم آؤٹ ہوگئی۔

 

بنگلہ دیش کی جانب سے عبداللہ المہی 50 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے، جبکہ راکب الحسن نے 26، علی رفیع نے 20 اور کپتان فرید حسن نے 17 رنز بنائے۔

 

پاکستان کی جانب سے رضوان اللہ نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بنگلہ دیشی بیٹنگ لائن کو مشکلات سے دوچار کردیا۔

 

رضوان اللہ نے 8 اوورز میں صرف 30 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور بنگلہ دیش کو بڑے سکور سے روکنے میں اہم کردار ادا کیا۔

 

پاکستان کے محمد صیام نے 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ علی رضا، حسنین عباس ڈار اور احمد حسین نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

 

139 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی اوپنرز نے پراعتماد انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کیا۔

 

عثمان خان اور حیام خان کے درمیان پہلی وکٹ کے لیے 123 رنز کی عمدہ شراکت قائم ہوئی، جس نے پاکستان کی کامیابی کی بنیاد رکھ دی۔

 

حیام خان نے 72 گیندوں پر 8 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 69 رنز کی اننگز کھیلی، جس کے بعد وہ آؤٹ ہوگئے۔

 

دوسری جانب عثمان خان نے جارحانہ اور ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 54 گیندوں پر 7 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 64 رنز بنائے۔

 

عبدالقادر نے بھی 5 گیندوں پر ایک چھکے کی مدد سے 8 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔

 

پاکستان نے 139 رنز کا ہدف 21.5 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا اور 141 رنز بنا کر 9 وکٹوں سے کامیابی اپنے نام کی۔

 

بنگلہ دیش کی جانب سے واحد وکٹ ربیع الحسن انیک نے حاصل کی۔اس شاندار کامیابی کے ساتھ پاکستان انڈر 19 ٹیم نے ایشیا کپ کے فائنل میں جگہ بنالی۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں