پاکستان کی سعودی عرب پر حوثی حملوں کی مذمت، یمن پر اقوام متحدہ کی پابندیوں میں ایک سال کی توسیع
نیویارک: پاکستان نے سعودی عرب کے خلاف حوثی ملیشیا کے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان کے فوری اور غیر مشروط خاتمے کا مطالبہ کیا ہے اور مملکت کی خودمختاری، علاقائی سالمیت، سلامتی اور استحکام کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں قرارداد 2140 (2014ء) کے تحت قائم پابندیوں کی تجدید اور 2140 کمیٹی کی معاونت کرنے والے ماہرین کے پینل کے مینڈیٹ میں توسیع کے بعد خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے مستقل نمائندے سید حیدر شاہ نے قرارداد کا خیرمقدم کیا۔
پاکستانی سفیر نے یمن کی خودمختاری، آزادی، اتحاد اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے ملک میں امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ کے لیے پابندیوں سے متعلق کمیٹی کے کام کی اہمیت پر زور دیا۔
خطے کی سنگین سکیورٹی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے سید حیدر شاہ نے سعودی عرب کے خلاف حوثی ملیشیا کے حملوں کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی۔
انہوں نے سعودی عرب کی قیادت، حکومت اور برادر عوام کے ساتھ پاکستان کی مکمل اور غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کیا۔پاکستانی سفیر نے مملکت سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت، سلامتی اور استحکام کے لیے پاکستان کی پختہ حمایت کا بھی اعادہ کیا۔
سید حیدر شاہ نے کہا کہ سعودی عرب کو اقوام متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی قانون کے مطابق اپنی سرزمین کا دفاع کرنے اور اپنے شہریوں اور وہاں مقیم افراد کے تحفظ کا جائز حق حاصل ہے۔
انہوں نے حوثی ملیشیا کے حملوں کے فوری اور غیر مشروط خاتمے کا مطالبہ کیا۔پاکستانی مستقل نمائندے نے قرارداد کی منظوری کے لیے مذاکرات کے دوران بطور قلم دان ملک برطانیہ کی تعمیری کوششوں کو بھی سراہا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے قرارداد کے حق میں ووٹ دیا تاکہ 2140 پابندیوں کی کمیٹی کے کام کی اہمیت کو دوبارہ اجاگر کیا جاسکے۔سید حیدر شاہ نے زور دیا کہ یمن کے امن، سلامتی اور استحکام کو خطرے میں ڈالنے والے افراد اور اداروں کا احتساب پائیدار امن کے قیام کے لیے ضروری ہے۔
پابندیوں کے نظام پر عملدرآمد سے متعلق پاکستانی سفیر نے سلامتی کونسل کے قائم کردہ ادارہ جاتی نظام کی پاسداری کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ ماہرین کے پینل کو اپنے مینڈیٹ کے مطابق پیشہ ورانہ مہارت، غیر جانب داری اور مستقل مزاجی کے ساتھ ذمہ داریاں انجام دینی چاہئیں تاکہ اس کے کام کی ساکھ اور مؤثریت مزید مضبوط ہوسکے۔
یمن میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے سید حیدر شاہ نے اقوام متحدہ کی قیادت میں جاری کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ یمن میں ایک جامع سیاسی عمل کو آگے بڑھانا ضروری ہے جس کی قیادت یمنی عوام خود کریں اور جس کی ملکیت بھی یمنی عوام کے پاس ہو۔
پاکستانی سفیر نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ پاکستان یمن میں امن، استحکام اور سلامتی کی بحالی اور وہاں کے عوام کی شدید انسانی مشکلات کم کرنے کے لیے تمام کوششوں کی حمایت کے لیے تیار ہے۔
دوسری جانب اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے متفقہ طور پر قرارداد منظور کرتے ہوئے یمن سے متعلق پابندیوں میں مزید ایک سال کی توسیع کردی۔
قرارداد کے تحت پابندیوں کی فہرست میں شامل افراد اور اداروں کے اثاثے منجمد رکھنے اور سفری پابندیوں کے اقدامات میں 14 نومبر 2027 تک توسیع کی گئی ہے، جبکہ ماہرین کے پینل کے مینڈیٹ میں بھی رواں سال دسمبر تک توسیع کردی گئی۔
سلامتی کونسل نے سعودی عرب پر حوثی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے گروپ سے شہریوں، شہری تنصیبات، تجارتی ہوائی اڈوں اور بین الاقوامی بحری گزرگاہوں کو نشانہ بنانے سمیت تمام فوجی کارروائیاں فوری اور غیر مشروط طور پر بند کرنے کا مطالبہ کیا۔
یہ پیش رفت حوثی گروپ انصار اللہ کے فوجی ترجمان یحییٰ ساری کے ان دعوؤں کے بعد سامنے آئی جن میں انہوں نے سعودی عرب کی ایسٹ ویسٹ تیل پائپ لائن کے پمپنگ سٹیشن نمبر سات کو ڈرون اور یانبو میں تیل کی ایک تنصیب کو بیلسٹک میزائل سے نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا۔
یحییٰ ساری نے ایک علیحدہ بیان میں ریاض میں آرامکو کی تنصیب پر ڈرون حملے اور ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنانے کا بھی دعویٰ کیا۔
سعودی زیرقیادت اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی نے ریاض اور سعودی عرب کے مشرقی علاقوں میں دو ڈرونز کو روک کر تباہ کرنے کا اعلان کیا، تاہم مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
اقوام متحدہ میں برطانیہ کی مستقل مندوب سارہ میکنٹوش نے کہا کہ قرارداد حوثی حملوں کے خلاف سلامتی کونسل کے عزم کی عکاسی کرتی ہے اور اس سے اسلحے پر عائد پابندی کو مزید مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے بتایا کہ ہتھیاروں کی تیاری میں استعمال ہونے والے خام کیمیکلز اور دیگر اشیا کی نگرانی سخت کی جائے گی اور ان کی فہرست آنے والے مہینوں میں تیار کی جائے گی۔
بی بی سی عربی کے مطابق بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ یمنی حکومت نے سلامتی کونسل کی قرارداد کا خیرمقدم کیا، تاہم حوثیوں کو باضابطہ طور پر دہشت گرد گروپ قرار نہ دینے پر افسوس کا اظہار کیا۔