World

ایرانی بحریہ کا آبنائے ہرمز کے قریب امریکی ایم کیو ون ڈرون مار گرانے کا دعویٰ

ایرانی بحریہ کا آبنائے ہرمز کے قریب امریکی ایم کیو ون ڈرون مار گرانے کا دعویٰ
۴ گھنٹے پہلے

تہران: ایرانی بحریہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے آبنائے ہرمز کے قریب ملک کے جنوبی صوبے ہرمزگان کے ساحلی علاقے کوہستک میں جدید فضائی دفاعی نظام کے ذریعے امریکی ایم کیو ون پریڈیٹر ڈرون مار گرایا ہے۔

 

ایرانی میڈیا کے مطابق بحریہ نے جمعے کو جاری بیان میں کہا کہ امریکی ڈرون کو آبنائے ہرمز کے مشرق میں واقع ساحلی علاقے سیریک کے قریب نشانہ بنایا گیا۔

 

ایرانی بحریہ کے مطابق کارروائی ملک کے مربوط فضائی دفاعی نیٹ ورک کے تحت انجام دی گئی، جس نے امریکی ڈرون کی نشاندہی کرنے کے بعد اس کی نگرانی کی۔

 

بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ فضائی دفاعی نظام نے ڈرون کو کامیابی سے ٹریک کرنے کے بعد کوہستک کے علاقے میں تباہ کردیا۔

 

ایرانی میڈیا کی جانب سے مبینہ طور پر مار گرائے گئے امریکی ڈرون سے متعلق تصاویر بھی جاری کی گئی ہیں۔

 

ایرانی بحریہ نے اپنے بیان میں کہا کہ ملک کی علاقائی سالمیت، سمندری سرحدوں اور قومی مفادات کے تحفظ اور دفاع میں ایک لمحے کی بھی ہچکچاہٹ نہیں دکھائی جائے گی۔

 

ایم کیو ون پریڈیٹر درمیانی بلندی پر پرواز کرنے اور طویل وقت تک فضا میں رہنے کی صلاحیت رکھنے والا بغیر پائلٹ طیارہ ہے، جسے امریکی کمپنی جنرل ایٹامکس نے تیار کیا تھا۔

 

امریکی فضائیہ اس ڈرون کو بنیادی طور پر فوجی کارروائیوں، انٹیلی جنس معلومات جمع کرنے اور فضائی نگرانی کے لیے استعمال کرتی رہی ہے۔

 

تاہم امریکی فضائیہ نے 2018 میں ایم کیو ون پریڈیٹر ڈرونز کا بیڑا ریٹائر کرکے ان کی جگہ زیادہ جدید ایم کیو نائن ریپر ڈرونز استعمال کرنا شروع کردیے تھے۔

 

ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جنگ کے دوران ایرانی مسلح افواج نے امریکی ایم کیو نائن ڈرونز کو بھی بھاری نقصان پہنچایا۔

 

ایرانی رپورٹس کے مطابق ان نقصانات کے بعد واشنگٹن نے فضائی نگرانی اور جاسوسی کی کارروائیوں کے لیے دوبارہ ایم کیو ون ڈرونز کا استعمال شروع کردیا، تاہم اس دعوے کی آزادانہ تصدیق نہیں ہوسکی۔

 

اس سے قبل گزشتہ جمعے کو ایران کے پاسداران انقلاب نے بھی دعویٰ کیا تھا کہ اس نے قشم جزیرے کے اوپر ایک اور امریکی ایم کیو ون ڈرون مار گرایا ہے۔

 

پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا تھا کہ یہ جنگ کے آغاز سے تباہ ہونے والا 16واں امریکی ایم کیو ون ڈرون تھا، تاہم ان نقصانات کی تعداد کی بھی آزادانہ تصدیق دستیاب نہیں ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں