چوہدری سالک کا مریم نواز اور عظمیٰ بخاری کو ہتک عزت کا نوٹس، 7 روز میں معافی کا مطالبہ
وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کو ہتک عزت کے قانونی نوٹس بھجوا دیے، جن میں دونوں رہنماؤں سے 7 روز کے اندر جواب اور غیر مشروط معافی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چوہدری سالک حسین کی جانب سے مریم نواز اور عظمیٰ بخاری کو ہتک عزت کے نوٹس 11 نومبر کو ارسال کیے گئے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو بھیجے گئے قانونی نوٹس میں ان کی 3 نومبر کو اٹک میں کی گئی تقریر کا حوالہ دیا گیا ہے۔
اس تقریر میں مریم نواز نے چوہدری سالک حسین پر جھوٹے الزامات لگانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ گجرات کے ایک وزیر ہیں، چوہدری شجاعت حسین کے بیٹے سالک حسین، جنہوں نے جھوٹے الزامات لگائے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا تھا کہ وہ جھوٹے الزامات برداشت نہیں کریں گی اور اگر سالک حسین کے پاس اپنے الزامات کے ثبوت ہیں تو وہ سامنے لائیں، بصورت دیگر انہیں عدالت میں لے جایا جائے گا۔
مریم نواز نے یہ دعویٰ بھی کیا تھا کہ چوہدری سالک حسین کو اس بات پر اعتراض ہے کہ گجرات میں نیا ڈپٹی کمشنر ان کی مرضی کے مطابق کیوں تعینات نہیں کیا گیا۔
چوہدری سالک حسین نے وزیراعلیٰ پنجاب کو بھیجے گئے نوٹس میں 7 روز کے اندر جواب دینے اور غیر مشروط معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے۔
نوٹس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ مقررہ مدت میں تسلی بخش جواب نہ ملنے کی صورت میں وہ قانونی کارروائی کرنے کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔
دوسری جانب صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کو بھی الگ ہتک عزت کا نوٹس بھجوایا گیا ہے، جس میں ان کی 2 نومبر کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کی گئی پوسٹ کو بنیاد بنایا گیا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے اپنی پوسٹ میں الزام عائد کیا تھا کہ چوہدری سالک حسین کو اپنی مرضی کا ڈپٹی کمشنر گجرات تعینات نہ ہونے پر غصہ آیا۔
انہوں نے کہا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کسی کے کہنے پر ڈپٹی کمشنر تعینات نہیں کرتیں۔
عظمیٰ بخاری نے چوہدری سالک حسین پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ جس تھالی میں کھاتے ہیں اسی میں چھید کرتے ہیں۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے مزید کہا تھا کہ چوہدری سالک حسین کو بیان بازی کرنے کے بجائے شافع حسین سے حقائق معلوم کرلینے چاہیے تھے۔
چوہدری سالک حسین نے عظمیٰ بخاری کو بھیجے گئے نوٹس میں بھی 7 روز کے اندر جواب دینے اور غیر مشروط معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے۔
اس معاملے پر رابطہ کیے جانے پر عظمیٰ بخاری نے مؤقف اختیار کیا کہ نہ تو انہیں اور نہ ہی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو کوئی قانونی نوٹس موصول ہوا ہے۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ قانونی نوٹس موصول ہونے کے بعد اس کا جائزہ لیا جائے گا۔