لاہور میں 10ویں پاکستان صنعتی نمائش اختتام پذیر، 150 سے زائد ملکی و غیر ملکی کمپنیوں کی شرکت
لاہور کے ایکسپو سینٹر جوہر ٹاؤن میں تین روزہ 10ویں پاکستان صنعتی نمائش 2026 اختتام پذیر ہوگئی، جس میں 150 سے زائد ملکی اور غیر ملکی کمپنیوں نے شرکت کی۔
نمائش کی اختتامی تقریب میں صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے خصوصی شرکت کی۔
یہ نمائش ایوریسٹ انٹرنیشنل ایکسپو پرائیویٹ لمیٹڈ اور کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد کے لاہور کیمپس کے باہمی اشتراک سے منعقد کی گئی تھی۔
نمائش میں 150 سے زائد ملکی و غیر ملکی کمپنیوں نے اپنے سٹالز لگائے اور مختلف صنعتی مصنوعات و ٹیکنالوجیز پیش کیں۔
صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین نے نمائش کے مختلف سٹالز کا معائنہ کیا اور وہاں رکھی گئی مصنوعات میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری شافع حسین نے کہا کہ اس نوعیت کی نمائشیں صنعتی، تجارتی اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ اڑھائی سال کے دوران پنجاب میں صنعتی ترقی اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے تاریخ ساز اقدامات کیے گئے ہیں۔
صوبائی وزیر کے مطابق صنعتی علاقوں میں برسوں سے جاری رئیل اسٹیٹ کا کاروبار مستقل طور پر بند کرا دیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اب صنعتی مقاصد کے لیے حاصل کیے گئے پلاٹوں پر تیزی سے صنعتی یونٹس قائم کیے جا رہے ہیں۔
چوہدری شافع حسین نے کہا کہ صنعتکاری کا عمل تیز کرنے کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب نے نئی صنعتی پالیسی متعارف کرائی ہے۔
اس پالیسی کے تحت صنعتی علاقوں میں فیکٹریاں اور صنعتی یونٹس قائم کرنے کے لیے 30 سے 50 سال تک کی لیز پر پلاٹ حاصل کیے جاسکتے ہیں۔
صوبائی وزیر نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب آسان کاروبار فنانس سکیم کے تحت بلاسود قرضوں کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ برآمدات کے فروغ اور صنعتی ترقی کے لیے ایک اور بڑا پروگرام بھی شروع کیا گیا ہے۔
اس پروگرام کے تحت بڑے پیمانے کی صنعتوں کے فروغ کے لیے ایک ارب روپے تک آسان شرائط پر قرضے فراہم کیے جا رہے ہیں، جبکہ 10 کروڑ روپے تک بلاسود قرضوں کی سہولت بھی دی جا رہی ہے۔
چوہدری شافع حسین کے مطابق صنعتی علاقوں کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جا رہا ہے تاکہ توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے متبادل ذرائع کو فروغ دیا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ صوبے میں جتنی زیادہ سرمایہ کاری آئے گی، اتنے ہی روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔
صوبائی وزیر نے بتایا کہ پنجاب میں الیکٹرک بائیکس اور لیتھیئم بیٹریاں تیار کرنے کے کارخانے بھی قائم کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عام آدمی کی سواری موٹر سائیکل کو مرحلہ وار پروگرام کے تحت الیکٹرک بائیک میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔
اس کے ساتھ بڑی عمارات اور تجارتی پلازوں کے باہر الیکٹرک گاڑیوں کے لیے چارجنگ سٹیشنز قائم کرنے کی کوششیں بھی جاری ہیں۔
کرپشن کے معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے چوہدری شافع حسین نے کہا کہ جہاں بھی بدعنوانی ہو، اس کی نشاندہی کی جانی چاہیے اور بدعنوان عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ہونی چاہیے۔
انہوں نے چین کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہاں احتساب کا سخت نظام موجود ہے اور ان کے بقول یہی اس کی تیز رفتار ترقی کی ایک وجہ ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ ترقیاتی سکیموں کی پائیدار تکمیل یقینی بنانے کے لیے ٹھیکیداروں سے کمیشن وصول کرنے کا سلسلہ ختم ہونا چاہیے۔
چوہدری شافع حسین نے سابق حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ حکومت نے ترقی کے بڑے دعوے کیے لیکن ایک بڑا ہسپتال بھی تعمیر نہ کرسکی۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی قیادت میں موجودہ حکومت نے گزشتہ اڑھائی سال کے دوران دو بڑے ہسپتال تعمیر کیے ہیں۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے تمام متعلقہ حلقے ایک پیج پر ہیں۔
انہوں نے سیاست دانوں پر زور دیا کہ وہ باہمی غلط فہمیاں دور کریں اور ملکی ترقی کے لیے مل بیٹھ کر کام کریں۔
اس موقع پر ایوریسٹ انٹرنیشنل ایکسپو پرائیویٹ لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر فا ویگان، ڈی جی ایم ذیشان ہاشمی اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔