سینڈ پیپر بال ٹیمپرنگ سکینڈل پر تنازع، عثمان خواجہ اور ڈیوڈ وارنر کمنٹری سے آف ایئر
آسٹریلوی کرکٹ کے سینڈ پیپر سکینڈل پر دوبارہ شروع ہونے والے تنازع کے بعد نشریاتی ادارے نے سابق کرکٹرز عثمان خواجہ اور ڈیوڈ وارنر کو عارضی طور پر کمنٹری پینل سے آف ایئر کردیا ہے۔
نشریاتی ادارے کے منیجنگ ڈائریکٹر سٹیو کرولی نے فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ واقعات کے پیش نظر دونوں سابق کھلاڑیوں کو آئندہ چند ہفتوں کے لیے نشریاتی ذمہ داریوں سے وقفہ دیا جارہا ہے۔
سٹیو کرولی کے مطابق ادارہ اپنی کمنٹری ٹیم کے تمام ارکان کی مکمل حمایت کرتا ہے اور مختلف آراء کا احترام کرتا ہے، تاہم موجودہ صورتحال میں عثمان خواجہ اور ڈیوڈ وارنر کو مسلسل عوامی بحث کا سامنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں کمنٹیٹرز پر سکینڈل سے متعلق سامنے آنے والے ہر نئے بیان اور پیش رفت کا جواب دینے کے لیے دباؤ بڑھ رہا ہے، اس لیے انہیں مسلسل ایسی صورتحال میں رکھنا غیر منصفانہ ہوگا۔
منیجنگ ڈائریکٹر نے واضح کیا کہ آسٹریلیا کے کرکٹ سیزن کی بہترین نشریاتی کوریج فراہم کرنا ادارے کی اولین ترجیح ہے۔
عثمان خواجہ اور ڈیوڈ وارنر کو آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کے لیے کمنٹری پینل میں شامل کیا گیا تھا، تاہم عارضی طور پر آف ایئر کیے جانے کے فیصلے پر دونوں کی جانب سے تاحال کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔
تنازع اس وقت دوبارہ شدت اختیار کرگیا جب عثمان خواجہ نے اپنی کتاب صبر میں دعویٰ کیا کہ سینڈ پیپر سکینڈل کے بارے میں آسٹریلوی ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کو علم تھا۔
تاہم آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز اور فاسٹ بولر جوش ہیزل ووڈ نے عثمان خواجہ کے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے ان کے مؤقف سے اختلاف کیا۔
متضاد بیانات کے بعد بال ٹیمپرنگ کے معاملے پر نئی بحث شروع ہوگئی، جس کے دوران نشریاتی ادارے نے دونوں سابق کرکٹرز کو چند ہفتوں کے لیے کمنٹری سے دور رکھنے کا فیصلہ کیا۔