پولیس لائنز میں بچی کی ہلاکت، جے آئی ٹی تشکیل دینے کی درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری
اسلام آباد کے پولیس لائنز علاقے میں مبینہ تشدد سے 13 سالہ بچی کی ہلاکت کے مقدمے میں اہم قانونی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے واقعے کی تحقیقات کے لیے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دینے کی درخواست پر پولیس سمیت دیگر فریقین کو پری ایڈمیشن نوٹس جاری کردیے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس اعظم خان نے وکیل یاسر ندیم رمدے کی جانب سے دائر درخواست پر ابتدائی کارروائی کرتے ہوئے حکم نامہ جاری کیا۔
عدالتی حکم نامے کے مطابق درخواست گزار نے استدعا کی ہے کہ 13 سالہ بچی کی ہلاکت کے واقعے کی تحقیقات کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی جائے تاکہ مقدمے سے متعلق تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جاسکے۔
درخواست گزار وکیل نے عدالت سے یہ بھی استدعا کی کہ واقعے کی شفاف تحقیقات یقینی بنانے کے لیے مناسب احکامات جاری کیے جائیں۔
حکم نامے میں بتایا گیا ہے کہ درخواست گزار نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے ایک افسر کے خلاف محکمانہ کارروائی کی بھی استدعا کی ہے۔
درخواست پر ابتدائی سماعت کے بعد جسٹس اعظم خان نے پولیس اور دیگر متعلقہ فریقین کو پری ایڈمیشن نوٹس جاری کیے۔ عدالت کی جانب سے اس مرحلے پر جے آئی ٹی کی تشکیل کا حکم نہیں دیا گیا۔