Pakistan

جو کانٹا چبھنے کی تکلیف برداشت نہیں کر سکتے وہ خون میں نہلانے کی دھمکیاں دے رہے ہیں، مصطفیٰ کمال

جو کانٹا چبھنے کی تکلیف برداشت نہیں کر سکتے  وہ خون میں نہلانے کی دھمکیاں دے رہے ہیں، مصطفیٰ کمال
۱ منٹ پہلے

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینئر رہنما اور وفاقی وزیر مصطفیٰ کمال نے نئے صوبوں کے قیام کی مخالفت کرنے والی سیاسی قیادت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ جو کانٹا چبھنےکی تکلیف برداشت نہیں کرسکتے وہ  سندھ کےشہری علاقوں کو خون میں نہلانے کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔  انہوں نے اعلان کیا کہ کراچی نئے صوبوں کے حق میں اپنی تاریخ کے سب سے بڑے اجتماع کے ذریعے اپنا فیصلہ سنائے گا۔

 

کراچی کے ضلع کورنگی میں ایم کیو ایم پاکستان کے ذمہ داران اور کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ 1973 کا آئین کوئی آسمانی صحیفہ نہیں جس میں تبدیلی نہ کی جاسکے۔ ان کے مطابق ملکی ضروریات اور عوامی مفادات کے تحت آئینی ترامیم کی جاسکتی ہیں۔

 

انہوں نے پاکستان پیپلزپارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ خود کو آئین کا محافظ قرار دینے والی جماعت اپنے بانی ذوالفقار علی بھٹو کے دور میں بننے والے آئین میں 27 ترامیم کرواچکی ہے، لیکن نئے صوبوں کے معاملے پر آئینی تبدیلی کی مخالفت کررہی ہے۔

 

وفاقی وزیر نے 18ویں آئینی ترمیم کے بعد وفاق اور صوبوں کے مالی معاملات پر بھی سوالات اٹھائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس ترمیم کے نتیجے میں وفاقی حکومت بجٹ کے پہلے ہی دن مالی طور پر بے بس ہوجاتی ہے، جبکہ صوبے بھاری رقوم حاصل کرنے کے باوجود اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کرتے۔

 

مصطفیٰ کمال نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ 16 برسوں کے دوران سندھ کو وفاق سے 22 ہزار ارب روپے ملے، لیکن اس کے باوجود کراچی سے کشمور تک ترقیاتی صورتحال بہتر نہیں ہوسکی اور عوام بنیادی مسائل کا سامنا کررہے ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ صوبوں کو ہزاروں ارب روپے کے مالی وسائل منتقل کیے جاتے ہیں، تاہم ان وسائل کے باوجود عوامی سہولتوں اور ترقیاتی ذمہ داریوں کی ادائیگی میں کوتاہی برتی جارہی ہے۔

 

نئے صوبوں کی تحریک سے متعلق مصطفیٰ کمال نے واضح کیا کہ یہ مہم عام انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے یا اسمبلی کی نشستیں بڑھانے کے لیے شروع نہیں کی گئی، بلکہ اس کا تعلق پاکستان کی بقا اور آنے والی نسلوں کے مستقبل سے ہے۔

 

انہوں نے سندھ کی تقسیم کے خلاف سخت بیانات دینے والی سیاسی قیادت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ کانٹا چبھنے کی تکلیف برداشت نہیں کرسکتے، وہ نئے صوبوں کے مطالبے پر سندھ کے شہری علاقوں میں خونریزی کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔

 

مصطفیٰ کمال کے یہ ریمارکس سندھ میں نئے صوبوں کے قیام سے متعلق جاری سیاسی بحث کے دوران سامنے آئے ہیں، جہاں پیپلزپارٹی کی قیادت صوبے کی تقسیم کی مخالفت کررہی ہے۔

 

ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما نے کہا کہ کراچی اس جدوجہد کے لیے تیار ہے اور ان کے بقول ظلم کے خاتمے اور محروم عوام کو ریلیف ملنے کا وقت قریب آرہا ہے۔

 

انہوں نے موجودہ صورتحال کو تاریخی موقع قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان شاء اللہ اگلے سال سے پاکستان کی حقیقی آزادی کے ایک مستقل دور کا آغاز ہوگا۔

 

وفاقی وزیر نے اعلان کیا کہ نئے صوبوں کے حق میں کراچی میں ایک بڑا عوامی اجتماع منعقد کیا جائے گا، جسے انہوں نے شہر کی تاریخ کا سب سے بڑا اجتماع قرار دیا۔ ان کے مطابق اس اجتماع کے ذریعے کراچی کے عوام نئے صوبوں کے مطالبے پر اپنا فیصلہ سنائیں گے۔

 

مصطفیٰ کمال نے اپنے خطاب میں نئے صوبوں کے قیام کو انتظامی اصلاحات اور عوام کے مستقبل سے منسلک کرتے ہوئے اس مؤقف کو دہرایا کہ موجودہ صوبائی نظام میں تبدیلی ضروری ہے، جبکہ پیپلزپارٹی سندھ کی تقسیم کی مخالفت پر قائم ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں