Breaking News

واٹس ایپ میں سکیورٹی کی 5 خامیوں کی نشاندہی، نیشنل سرٹ نے الرٹ جاری کر دیا

واٹس ایپ میں سکیورٹی کی 5 خامیوں کی نشاندہی، نیشنل سرٹ نے الرٹ جاری کر دیا
۱ منٹ پہلے

نیشنل کمپیوٹر ایمرجنسی رسپانس ٹیم (نیشنل سرٹ) نے واٹس ایپ اور واٹس ایپ بزنس کے مختلف ورژنز میں پانچ سکیورٹی خامیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے صارفین، سرکاری محکموں اور نجی اداروں کے لیے سائبر سکیورٹی الرٹ جاری کردیا۔

 

نیشنل سرٹ کی ایڈوائزری کے مطابق ان خامیوں سے واٹس ایپ اور واٹس ایپ بزنس کے اینڈرائیڈ، آئی او ایس، ونڈوز اور میک ڈیسک ٹاپ ورژنز متاثر ہوسکتے ہیں، جس کے باعث صارفین کے ڈیٹا اور ڈیوائسز کو ممکنہ سائبر خطرات لاحق ہیں۔

 

ادارے نے خبردار کیا ہے کہ ان سکیورٹی خامیوں کے ذریعے مخصوص حالات میں صارفین کی ڈیوائسز میں محفوظ فائلیں حذف ہونے، چیٹ ڈیٹا سے متعلق محدود معلومات افشا ہونے اور آئی پی ایڈریس ظاہر ہونے کا خطرہ موجود ہے۔

 

ایڈوائزری میں بتایا گیا ہے کہ سائبر حملہ آور خصوصی طور پر تیار کردہ پیغامات اور نقصان دہ فائلوں کے ذریعے واٹس ایپ استعمال کرنے والے افراد کی ڈیوائسز کو نشانہ بنانے کی کوشش کرسکتے ہیں۔

 

تاہم نیشنل سرٹ نے واضح کیا کہ شناخت کی گئی پانچ سکیورٹی خامیوں میں سے چار کے عملی استحصال کے شواہد سامنے نہیں آئے، جبکہ ایک خامی کو مخصوص نوعیت کے سپیم پیغامات کے ذریعے استعمال کیے جانے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

 

ممکنہ خطرات کے پیش نظر نیشنل سرٹ نے سرکاری و نجی اداروں اور انفرادی صارفین کو ہدایت کی ہے کہ وہ واٹس ایپ اور واٹس ایپ بزنس کو فوری طور پر تازہ ترین دستیاب ورژن پر اپ ڈیٹ کریں۔

 

سائبر سکیورٹی ادارے نے سفارش کی ہے کہ صارفین نئی اپ ڈیٹس صرف آفیشل ایپ سٹورز یا واٹس ایپ کی سرکاری ویب سائٹ سے حاصل کریں اور کسی غیر مصدقہ ذریعے سے ایپلی کیشن ڈاؤن لوڈ نہ کریں۔

 

نیشنل سرٹ نے غیر سرکاری یا تبدیل شدہ واٹس ایپ ایپلی کیشنز کے استعمال سے بھی گریز کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ صارفین مزید سکیورٹی خطرات سے محفوظ رہ سکیں۔

 

ایڈوائزری کے مطابق نامعلوم نمبروں سے موصول ہونے والے مشکوک پیغامات، اشتہارات اور دستاویزات کھولنے سے احتیاط کی جائے۔ اسی طرح واٹس ایپ پر غیر متوقع آرڈر کی تفصیلات یا اشتہاری لنکس موصول ہونے کی صورت میں ان پر کلک نہ کیا جائے۔

 

نیشنل سرٹ نے اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے زیر استعمال تمام موبائل فونز اور کمپیوٹرز میں نصب واٹس ایپ کے ورژنز کی جانچ کریں، پرانے ورژنز کی تنصیب روکیں اور خودکار اپ ڈیٹس کا نظام فعال رکھیں۔

 

صارفین کو مشکوک اکاؤنٹس اور غیر معمولی پیغامات بلاک کرنے کے ساتھ متعلقہ پلیٹ فارم پر رپورٹ کرنے کی بھی سفارش کی گئی ہے۔

 

ادارے نے واٹس ایپ میں تصاویر، ویڈیوز، آڈیو فائلوں اور دستاویزات کی خودکار ڈاؤن لوڈنگ بند کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس احتیاط سے ممکنہ نقصان دہ فائلوں کے خودبخود ڈیوائس میں منتقل ہونے کے خطرے کو کم کیا جاسکتا ہے۔

 

اینڈرائیڈ اور آئی فون صارفین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ واٹس ایپ کی سیٹنگز میں جاکر میڈیا آٹو ڈاؤن لوڈ کے آپشنز بند کردیں اور موصول ہونے والی فائلوں کو کھولنے سے پہلے ان کے ذریعے کی تصدیق کریں۔

 

نیشنل سرٹ نے مزید ہدایت کی ہے کہ کسی بھی مشکوک سائبر سرگرمی یا ممکنہ حملے کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ سکیورٹی ٹیم اور نیشنل سرٹ کو دی جائے تاکہ صورتحال کا جائزہ لے کر ضروری حفاظتی اقدامات کیے جاسکیں۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں